وزیراعلیٰ شہباز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ کی ملاقات

image
لاہور18 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگheng Xiaosong) (Mr. Z نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے ا مور، پاک چین تعلقات کے فروغ کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن )اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین رابطے مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مابین تعلقات کو مزیدفروغ کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بیورو انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ یوان زی بنگ (Mr. Yuan Zhibing) بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کو دوسری بڑی معاشی طاقت بنانے میں کمیونسٹ پارٹی، چینی صدر شی جن پنگ (Mr. Xi Jinping) اور وزیراعظم لی کی چیانگ (Mr. Li Keqiang) کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے شوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت کارفرماہے۔ بلاشبہ چین کی ترقی اس کی قیادت اور عوام کی محنت اور قربانیوں کا معجزہ ہے۔ ہماری حکومت صرف چین کی تعریف ہی نہیں کرتی بلکہ بہت کچھ سیکھنے کی بھی کوشش کرتی ہے۔ اس وقت چین میں پاکستانی طلبا و طالبات چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے پاکستانی طلبہ کو چین بھجوایا ہے۔ نوجوانوں کے مزید وفود جلد چین بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اس وقت پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کیا ہے جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔پاکستان اور چین پہلے محض دوست تھے، اب انہیں ایک دوسرے سے محبت ہو چکی ہے۔ چین کی دوستی ہر پاکستانی کی متاع عزیز ہے۔ سی پیک چین کے صدر، وزیراعظم اور حکومت کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے اور پاکستانی قوم چین کے اس تاریخ ساز تحفے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔سی پیک کے منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں اور دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کا مظہر ہیں اور اس تاریخی منصوبے سے پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکمیل سے خطے میں تاریخ کا دھارا بدل جائے گا اور پاکستان سمیت خطے میں مختلف ممالک کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس عظیم منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور انتہاپسندی کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی اور خوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔

کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ چین پاکستان کاانتہائی قابل اعتماد عظیم دوست ہے۔ پاکستان کی موجودہ قیادت چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی ا ہمیت دیتی ہے۔ پاکستان اورچین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندرسے گہری ، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے۔ پاکستان او رچین کی موجودہ لیڈرشپ کے دور میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ پاک چین دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل چکی ہے۔ چین کی قیادت نے وزیراعظم نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان آئیڈیل تعلقات ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ پاکستان سے پارٹی کی سطح پر وفود کے تبادلوں کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لاہور آکر دلی خوشی ہوئی ہے اور پاکستان میں بہت پیار اورمحبت ملی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔
٭٭٭٭
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.