عوام الیکشن2018ء میں بھی شفافیت،خدمت اورامانت کی سیاست کوووٹ دینگے:شہبازشریف

image
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔

آج ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے شفافیت اورمعیارکے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ ہمارے منصوبوں میں شفافیت پرکوئی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ کرپشن کیخلاف واویلامچانے والے شکست خوردہ عناصر کے دائیں بائیں وہ افراد کھڑے ہیں جنہو ں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے ہیں اور زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں پہلے بھی ناکام رہی ہیں اورعام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں یہ عناصر آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف آج پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت مضبوط ہورہی ہے، روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔تعلیم ،صحت ، زراعت و دیگر سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں لیکن اس کے باوجود دھرنا پارٹی اپنی ناکامی کے باوجود ترقی اورخوشحالی کے سفر میں روڑے اٹکارہی ہے۔

عوامی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے کسی طورپر عوام کے خیر خواہ اور دوست نہیں۔ شکست خوردہ عناصر کوملک وقوم کی ترقی سے تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ انتشار، افراتفری اور دھرنے دینے والے یہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر آج اپنی منفی سیاست کی بنا پر سیاسی میدان میں تنہا کھڑے ہیں اوران لوگوں نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران منفی اور الزامات کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ عوام کی فلاح کے منصوبوں کی تیزرفتار اورشفاف تکمیل پر شکست خوردہ عناصر کو تکلیف ہے اوریہ مسترد شدہ عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ عوام سے لینا چاہتے ہیں ۔

یہ خائف ہیں کہ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبے اور بجلی کے کارخانے مکمل ہوگئے تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی اور 2018ء کے انتخابات میں دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا کہ عوام کس کیساتھ کھڑے ہیں۔2018ء کے عام انتخابات میں بھی عوام شفافیت،خدمت اورامانت کی سیاست کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ ختم ہوگی ۔توانائی بحران کے خاتمے سے تعلیمی ادارے ،ہسپتال اورملک کاقریہ قریہ روشن ہوگا، زراعت ترقی کرے گی۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.