بجلی بھی آئے گی اور عوام کو سستی بھی ملے گی :شہباز شریف

image
پنجاب حکومت اورترکی کی معروف کمپنی ذورلوانرجی ہولڈنگ(Zorlu Enerji Holding)کے مابین قائد اعظم سولر پارک ، بہاولپور میں200میگاواٹ کاسولرمنصوبہ لگانے کیلئے آج یہاں مفاہمت کی یادداشت پردستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسدالرحمان گیلانی جبکہ ترک کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجراحمت یگمور اوزڈیمر(Mr.Ahmet Yagmur Ozdemir)نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔معاہد ے کے تحت ترک کمپنی قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 200میگاواٹ کا سولر پلانٹ لگائے گی جبکہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ترک کمپنی کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی کمپنی کیساتھ آج ہونے والا معاہدہ ملک سے اندھیرے دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا-پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی دوستی معاشی تعاون میں ڈھل رہی ہے اورآج ایک تاریخ ساز دن ہے کیونکہ200میگاواٹ سولر پاور پلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی قیمت 5.15سینٹ(تقریباًسواپانچ روپے فی یونٹ) ہوگی اوراس سولر منصوبے کیلئے سواپانچ روپے فی یونٹ لاگت حاصل کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے ۔سواپانچ روپے فی یونٹ لاگت کے اعتبار سے یہ سولر منصوبہ پاکستان کا سب سے بہترین منصوبہ ہے حالانکہ اس وقت نیپر ا کا ٹیرف ساڑھے دس سینٹ پر ہے جو ہوا سے باتیں کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ترکی کی کمپنی کے مابین چند روز قبل بھی 100 میگا واٹ کے سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ طے پایاہے اور یہ منصوبہ جون میں مکمل ہو گا جبکہ آج ہونے والے اس معاہدے کے تحت لگایا جانے والا منصوبہ دسمبر 2017 ء میں مکمل ہو گا اور اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی سے پاکستان اورپنجاب میں روشنیاں جگمگائیں گی ، توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں بجلی میں آئے گی اور عوام کو سستی بھی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی تعمیر وترقی کے عظیم منصوبوں پر انتہائی شفافیت ،تیزرفتاری اورپیشہ ورانہ انداز میں دن رات کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان یہ معاہدے بڑھتے ہوئے تعلقات کے عکاس ہیں - اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی اور پورے ملک کو اس کا فائدہ ہو گا - شمسی توانائی کے اس منصوبے کے لئے 5.15 سینٹ فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے اور اس اعتبارسے اس سے بہتر کوئی منصوبہ پاکستان میں نہیں لگایا گیا- انہوں نے کہا کہ میں ترکی کے قونصل جنرل سردارڈینز،ترک کمپنی کے حکام اورپنجاب کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کر کے یہ ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔ترک کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو شیڈول کے مطابق مقررہ وقت میں مکمل کریں گے اوروزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق منصوبے پر دن رات کام کریں گے۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران،شیر علی خان،عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ترکی کے قونصل جنرل سردارڈینز اورترک کمپنی ذورلوانرجی کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.