وزیراعلیٰ کا لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اورخریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس

image
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں4 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور نالج پارک کمپنی کے مختلف امورکا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اورخریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی ۔

وزیراعلیٰ نے لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اورخریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میرٹ کے برعکس تمام بھرتیاں فی الفور منسوخ کرنے اورقواعد و ضوابط کے برعکس خریداری کے عمل کو بھی فوری طورپر روکنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے خلاف ضابطہ بھرتی ہونیوالے افراد کو ملازمت سے فوری طورپرنکالنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت بھرتنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہورنالج پارک کمپنی پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر جگہ میرٹ اورشفافیت کو فروغ دیا ہے اورمیں نے آج تک میرٹ اورشفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،اس لئے سرکاری افسران کو میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں جو ان میں خیانت کرے گااسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ سرکاری افسران قواعد و ضوابط کی پابندی ہر صورت یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ 7روز کے اندر لاہورنالج پارک کمپنی میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے حتمی رپورٹ پیش کی جائے اورغفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ۔سرکاری کمپنیوں کے امورکا متعلقہ محکمے خود جائزہ لیں ۔میرٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ محکمے کے سیکرٹریز اور کمپنیوں کے بورڈ ممبران ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کمپنیوں کو چلانے کیلئے بہترین افراد پر مشتمل بورڈز تشکیل دیئے ہیں ،اب ان بورڈز کی ذمہ داری ہے کہ معاملات کو شفاف طریقے سے چلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شفافیت اورمیرٹ کے جو اعلی معیار سیٹ کیے ہیں اس کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس میں شفافیت اوراعلی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ہماری شفافیت کی پالیسی پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔میں بہترین ہیومن ریسورس کے انتخاب کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں لیکن یہ چناؤ بھی میرٹ پر ہونا چاہیے۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد،سید رضاعلی گیلانی،بیگم ذکیہ شاہنواز ،چیف سیکرٹری،چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم ،چیئر مین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.