صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کیلئے بغیر وقت ضائع کئے فوری اقدامات کرنا ہونگے:شہباز شریف

image
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں الابراج گروپ(Abraaj Group) کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سر ڈیوڈ نکلسن (Sir David Nicholson)کی قیادت میں وفد نے شرکت کی-

 الابراج گروپ نے پنجاب حکومت کیساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری ، ڈاکٹروں و نرسوں کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اورامراض کی تشخیص کیلئے خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تعاون پراتفاق کیا -الابراج گروپ اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی اس ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر فوری عملدرآمد کے حوالے سے حتمی سفارشات اگلے چند روز میں پیش کرے گی-وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کیلئے بغیر وقت ضائع کئے فوری اقدامات کرنا ہو ں گے- علاج معالجے کی خدمات کوخوب سے خوب تر بنانا میرا مشن ہے اور اس ضمن میں الابراج گروپ کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔میرا اور میری حکومت کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے اوراس مقصد کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے اہداف مقرر کرکے ان کے حصول کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی ایمبولینس سروس کا انتظام محکمہ صحت سے لے کر ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا ہے اورپنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں پہلی بار ایمبولینس سروس کو مربوط نظام کے تحت چلایا جارہاہے اور ایمبولینس سروس کے نئے نظام سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے حوالے سے بے پناہ بہتری آئی ہے۔مجھے یقین ہے کہ محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ ہیلتھ کیئرسسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے کی جانیوالی کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی-انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت وقت کا تقاضا ہے اور اس ضمن میں الابراج گروپ کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں - ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اہداف کا تعین کر کے مقررہ مدت میں ان کا حصول یقینا بنانا ہو گا- چیف ایگزیکٹو آفیسر الابراج گلوبل ہیلتھ کیئر نے کہا کہ ہم ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے کام کریں گے -الابراج گلوبل ہیلتھ کیئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور مان ، دیگر ماہرین، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ حکام اور طبی ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.