پاکستان سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ کے گروپ ’بی‘ میں روس ، اسپین اورمالڈواکے مدمقابل

image
ایونٹ23 تا29ستمبر پرتگال کے شہر لسبن میں کھیلا جائے گا‘ پاکستان کی شرکت اعزاز ہے‘ شاہزب ٹرنک والا 32ٹیموں کو 4,4کے 8گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے‘ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیم ناک آؤٹ مرحلہ میں حصہ لیں گی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلا سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ 23تا29ستمبر 2018 پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلا جائے گا۔ جس میں دنیائے فٹبال کی 32ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز گذشتہ دنوں کراچی میں منعقد ہونے والی لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کی فاتح لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو(آئی کین اینڈ وِل)کو حاصل ہوا ۔جس نے فائنل میں پشاور کی شنواری ایف سی کو ٹائی بریکر پر شکست دی تھی۔ جسے گروپ ’بی‘ میں رشیا، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ آئی ایس ایف کے منتخب نائب صدر شاہزیب محمود ٹرنک والا نے سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کو ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو عالمی سطح کے ایونٹ میں براہ راست شرکت کا اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے ۔ توقع ہے کہ لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو بہترین تیاری کے ساتھ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے بھی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر لیثررلیگس کے چیف آپریشن آفیسر اسحاق شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیلنڈر ایئر کے اپنے تمام ایونٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا اور تمام طے شدہ مراحل سے گذرنے کے بعد لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو نے پرتگال کا ٹکٹ حاصل کیا ۔ اب اس ٹیم کی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے اور ثابت کرے کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ میری خواہش تھی کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی فٹبال کے ساتھ پاکستان کی ٹیم بھی شرکت کرے ۔ اب وہ منزل قریب ہے جب پاکستان کا کھلاڑی دنیائے فٹبال کی عظیم ٹیموں کے مقابل اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتا نظر آئے گا۔ منیر محمود ٹرنک والا اور انس محمود ٹرنک والا نے بھی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔لیثررلیگس کے سی اواواسحق شاہ نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی سے نہ صرف لاہور کی چمپئن قرار پائی تھی بلکہ حالیہ نیشنل چمپئن شپ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے قومی چمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔بہت جلد ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ لگا کر ٹیم کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جائے گا تاکہ دنیا کی عظیم ٹیموں کے مقابل قومی ٹیم بھرپور مقابلہ کرنے کی اہل ثابت ہو۔قومی کھلاڑی پُرجوش ہیں اور اپنی عمدہ کارکردگی سے حریف ٹیموں کو شکست دینے کیلئے پُرعز م ہیں۔کپتان آئی سی اے ڈبلیو آفاق احمد نے کہا کہ ہم اپنی پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرتگال جائیں گے ۔ہم اپنے گروپ میں موجود روس اور اسپین کی ٹیموں کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے کیلئے پُرعز م ہیں۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میری اور میری ٹیم کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ورلڈ کپ میں شرکت ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور لیثررلیگس نے اس خواب کو حقیقت کارنگ دے دیا ہے۔جسکے لیئے ہم ورلڈ گروپ اور لیثررلیگس کے شکرگزار ہیں۔سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں بھارت کی ٹیم بھی موجود ہے جسے گروپ ’جی‘ میں جرمنی ، کروشیا اور انگولا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ دیگر گروپ میں گروپ ’اے‘ ُپرتگال، پیراگوئے، ترکی، یونان، گروپ ’سی‘ بیلجئم، چائنا، ویلز، اسکاٹ لینڈ، گروپ ’ڈی‘ فرانس، الجیریا، کینیڈا، آئرلینڈ، گروپ ’ای‘ انگلینڈ، یوایس اے، قازقستان، سلوواکیہ، گروپ ’ایف‘ برازیل، مصر، بلغاریہ، لاٹویا اور گروپ ’ایچ ‘پولینڈ، تنسیا، اومان اور سلووینیا کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔29ستمبر کو ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.