ہمارے یہاں لوگ فرش پر سونے کے بجائے موٹے بستر یا پھر پلنگ پر سونے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ ان کی نظر میں پلنگ پر سونا زیادہ فائدہ مند اور پر سکون نیند کا باعث ہوتا ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کا جسم اور ذہن فرش پر لیٹنے سے زیادہ پر سکون ہو سکتا ہے اور ساتھ ہی اس سے صحت کے کئی دیگر مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں؟
فرش پر لیٹنا:
پہلے کے لوگ زمین پر لیٹنا اور سونا پسند کرتے تھے، تب ہی وہ صحت مند رہا کرتے تھے، اور آج بھی گرمیوں میں لوگ زمین پر لیٹنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ نرم بستر کے مقابلے فرش زیادہ ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے۔ مگر بہت سے لوگ اس بات سے لاعلم ہیں کہ زمین پر سونے سے کئی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں اور کچھ نقصانات بھی ہیں۔
فرش پر سونے سے کیا ہوتا ہے؟
۔ فرش کی مضبوطی اور ٹھوس ساخت ریڑھ کی ہڈی کو بہتر سپورٹ فراہم کرنے کے لیے بہترین ہے، وہ لوگ جنہیں کمر درد کی تکلیف رہتی ہے، ان کیلیئے یہ ایک اچھا آپشن ہے۔
۔ فرش پر لیٹنے سے جسم میں خون کی گردش بہتر ہوتی ہے، کیونکہ گدوں یا تکیوں سے کوئی پریشر پوائنٹ نہیں بنتا، زمین پر لیٹنے سے آپ کو اچھی اور پرسکون نیند آتی ہے۔
۔ زمین پر سونے سے جسم کے درجہ حرارت کو زیادہ مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
۔ زمین پر سونے سے آپ کا جسم (فیگر) متوازن رہتا ہے اور آپ خود کو فٹ محسوس کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر ورزش یا یوگا زمین پر لیٹ کر کیا جاتا ہے۔
۔ اگر آپ خالی زمین پر لیٹنا نہیں چاہتے تو کوشش کریں باریک میٹرس کا استعمال کریں، اور ایسا تکیہ لیں جو آرام دہ ہو تاکہ سونے میں مسئلہ نہ ہو۔
وہ افراد جن کو زمین پر نہیں لیٹنا چاہیے:
وہ لوگ جنہیں مسلسل جوڑوں کا درد رہتا ہو۔ حاملہ خواتین زمین پر لیٹنے سے گریز کریں خاص کر پیٹ کے بل تو بالکل نہ لیٹیں۔ زخمی افراد، اسکے علاوہ چھوٹے بچوں کو فرش پر نہ سُلائیں۔