محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں جمعرات اور جمعہ کے روز موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بوندا باندی یا ہلکی بارش کی بھی نوید سنادی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
کراچی میں موسم خوشگوار رہے گا تاہم سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ ساحلی پٹی پر بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے موسم ابر آلود ہے اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے، رات کے اوقات میں موسم مزید ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں نے اے سی کا استعمال بھی کم کردیا ہے۔
کراچی میں جاری خوشگوار موسم پر شہریوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے کیونکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ان دنوں سورج آگ برسا رہا ہے تاہم کراچی کا موسم بہت سہانا ہے۔
شہر قائد کے باسی اگست کے مہینے میں بادلوں کی وجہ سے بہت خوش دکھائی دیتے ہیں کیونکہ عموماً اگست کے وسط میں حبس اور بارش کا موسم ہوتا ہے تاہم امسال موسم انتہائی خوشگوار اور مسلسل ابر آلود ہے۔