فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بدھ کے روز مسیحی گھروں اور چرچز کو جلانے کے دوران ایک مسلمان شخص نے اپنی مسیحی پڑوسن کا گھر بچانے کیلئے اپنی جان داؤ پر لگاکر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
جڑانوالہ کی کرسچن کالونی میں 16 اگست کو جب جلاؤ گھیراؤ شروع ہوا تو ملک خلیل عرفان نے اپنی پڑوسن جوزفین اور ان کے بچوں کی حفاظت کیلئے خود باہر آگئے اور جوزفین اور ان کے بچوں کو اپنے گھر میں پناہ دیکر ان کی جان بچائی۔
ملک خلیل عرفان پڑوسیوں کے گھر کو جلنے سے بچانے کے لیے ان کے گھر کے باہر جائے نماز لے کر کھڑے ہوگئے جس کی وجہ سے شرپسندوں نے ان پر حملہ نہیں کیا۔
شرپسندوں کے جانے کے بعدجوزفین بھی اپنے گھر واپس چلی گئیں اور وہ اپنا گھر اور گھر والوں کی جان بچانے کے لیے ملک خلیل عرفان کی شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ 16اگست کو فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں مسیحی برادری کی ایک کالونی میں سیکڑ وں شرپسندوں نے ہنگامہ آرائی کی تھی اور اس کے دوران مسیحیوں کے گھروں اور چرچز میں لوٹ مار کرنے کے بعد توڑ پھوڑ کرکے نذرِ آتش کردیا تھا۔