بھارت میں پولیس نے ایک لاکھ 30 ہزار کا لاپتہ طوطا ایک دن میں ڈھونڈ کر اسے اصلی مالک کے حوالے کردیا۔
حیدرآباد شہر کے علاقے جوبلی ہلز میں کافی شاپ چلانے والے شہری نریندر چاری نے آسٹریلوی نسل کا 4 ماہ کا طوطا 1 لاکھ تیس ہزار روپے میں خریدا تھا جس کی قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 4 لاکھ روپے بنتی ہے۔
22 ستمبر کو خوراک کھلانے کے دوران طوطا پنجرے سے اڑ گیا، نریندر چاری نے 24 ستمبر کو جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی، طوطے کی ایک تصویر بھی پولیس کے حوالے کی۔
پولیس نے لاپتہ طوطے کی تصویر مقامی پرندوں اور جانوروں کے ڈیلرز کو بھیج دی۔پولیس کو اطلاع ملی کہ پہلے یہ طوطا 30 ہزار اور پھر پچاس ہزار میں فروخت ہوا جبکہ اب ایک شخص اس طوطے کو 70 ہزار روپے میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔
پولیس نے تصویر کی مدد سے شناخت ہونے پر طوطا قبضے میں لے کر نریندر چاری کے حوالے کر دیا ہے جبکہ طوطے کو 2 بار فروخت کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی اطلاعات نہیں ملیں۔