پٹھان کوٹ حملے میں انڈیا کو مطلوب مولانا شاہد لطیف کا ڈسکہ میں قتل کیا ’ٹارگٹ کلنگ‘ ہے؟

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے قصبے ڈسکہ میں شدت پسند تنظیم جیش محمد کے رکن مولانا شاہد لطیف کو تین نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیا ہے۔
مولانا شاہد ہلاک
BBC

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے قصبے ڈسکہ میں شدت پسند تنظیم جیش محمد کے رکن مولانا شاہد لطیف کو تین نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

سیالکوٹ پولیس کے مطابق ان پر فائرنگ کر کے قتل کا واقعہ بدھ کی صبح فجر کی نماز کے دوران پیش آیا۔

ان کے قتل کا مقدمہ پولیس مدعیت میں تھانہ صدر ڈسکہ میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں منڈیگی گورائیہ مسجد نور میں تعنیات گارڈ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئہ کہا گیا ہے کہ 11 اکتوبر کی صبح جب نمازی نماز ادا کرنے کے لیے آرہے تھے کہ اس دوران تین نامعلوم نوجوان موٹر سائیکل سوار جن کی عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان تھیں مسجد میں نماز ادا کرنے کے بہانے سے داخل ہوئے تھے۔

پولیس مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی مسجد میں موجود افراد نماز کے لیے کھڑے ہوئے تو تینوں ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے مولانا عبدالاحد، ہاشم اور مولانا شاہد لطیف زخمی ہو گئے۔

درج مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ مولانا شاہد لطیف نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ باقی دو زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں ہاشم نامی زخمی شخص بھی ہلاک ہو گیا۔

اس کو ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ کہا جا سکتا ہے: پولیس

سیالکوٹ پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

ڈی پی او ڈسکہ محمد حسن نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’آج صبح فجر کی نماز کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نامعلوم مسلح افراد مسجد میں آئے اور انھوں نے فائرنگ کی، یہ ٹیرارزم (دہشتگردی) کا واقعہ ہے اس کو ہم ٹارگٹ کلنگ بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس میں مولانا شاہد اور ہاشم جانبر نہ ہو سکے اور عبدالاحد زخمی ہیں۔‘‘

ڈی پی او ڈسکہ کے مطابق ’موقع سے اہم شواہد بھی حاصل کیے ہیں جس پر ہم کام کر رہے ہیں۔ مولانا شاہد کو سکیورٹی تھریٹ بھی تھا اور وہ اس حوالے سے اپنی خیال بھی رکھتے تھے۔ تمام ادارے مل کر اس کی تفتیش کر رہے ہیں۔‘

واقعہ کے بعد سکیورٹی کے حوالے سے ناکہ بندی کی گئی یا نہیں؟ میڈیا کے اس سوال پر ڈی پی اور ڈسکہ نےدعویٰ کیا کہ ’اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی تمام فورس جائے وقوع پر پہنچی اور ہم ملزمان کو جلد ٹریس کرلیں گے۔‘

مولانا شاہد لطیف کون تھے اور انڈیا کو کیوں مطلوب تھے؟

مولانا شاہد لطیف کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تھا اور کئی سال سے وہ ڈسکہ کے علاقے میں مسجد نور مدینہ کے منتظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

مولانا شاہد لطیف کے حوالے سے حاصل معلومات کے مطابق انھوں نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بچے چھوڑے ہیں۔ ان کے قتل کو پولیس کی جانب سے ٹارکٹ کلنگ قرار دیا جارہا ہے۔

کشمیر امور پر نظر رکھنے والے صحافی ماجد نظامی کے مطابق50 سالہ مولانا شاہد لطیف نے انڈیا کی جیل میں طویل عرصہ گزارا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’میری معلومات کے مطابق وہ 90کی دہائی کے اوائل میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر چلے گئے تھے۔ اس وقت ان کا تعلق کالعدم تنظیم حرکت المجاہدین سے تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مولانا شاہد لطیف کچھ عرصہ تک انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حرکت المجاہدین کے ساتھ سرگرم عمل رہے۔

ماجد نظامی کے مطابق یہ حرکت المجاہدین کے ایک مشہور زمانہ رہنما سجاد افغانی کے گروپ میں تھے۔ سجاد افغانی افسانوی شہرت کے حامل رہے ہیں۔

وہ بتاتے ہیں اس دوران مولانا شاہد وہاں گرفتار ہوگئے تھے۔ ان کو انڈیا میں بنارس کی جیل میں رکھا گیا تھا۔

سنہ 1999 میں جب قندھار طیارہ ہائی جیک کا واقعہ پیش آیا تو مذاکرات کے آغاز میں جن 40 لوگوں کی رہائی کے لیے نام دیے گئے تھے ان میں مولانا شاہد لطیف کا نام بھی شامل تھا۔

ماجد نظامی کے مطابق بعد ازاں مذاکرات کے نتیجے میں صرف پانچ لوگوں کی رہائی ممکن ہوسکی تھی۔ جس میں بہرحال مولانا شاہد لطیف کا نام شامل نہیں تھا۔ تاہم وہ کبھی بھی صف اول کی قیادت میں شامل نہیں رہے تھےبلکہ ان کا شمار دوسرے درجے کی قیادت میں ہوتا تھا۔

ماجد نظامی کے مطابق مولانا شاہد 2010 میں انڈیا کی جیل سے رہا ہو کر پاکستان آئے تھے۔ اس وقت میں انڈیا کی حکومت نے کافی لوگوں کو رہا کیا تھا۔ اپنی رہائی کے بعد یہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کم ہی رہائش پزیر رہے تھے۔ اس وقت سے اب تک یہ ڈسکہ ہی میں رہائش پزیر تھے اور مسجد نور مدینہ کے منتظم بنے تھے۔

’پٹھان کوٹ واقعے میں ریڈ وارنٹ بھی جاری ہوا‘

مولانا شاہد ڈسکہ
BBC

ماجد نظامی کے مطابق کافی عرصہ سے بظاہر جیش محمد یا حرکت المجاہدین کے حوالے سے ان کی سرگرمیاں سامنے نہیں آرہی تھیں۔

تاہم 2016 میں انڈیا کی فضائیہ کے ایئر بیس پٹھان کوٹ پر ہونے والے حملے جس میں نو عسکریت پسند اورچھ انڈین سکیورٹی فورسز کے اہلکار مارے گئے تھے ان کے نام انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری ہوا تھا۔

17 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس حملے سے متعلق انڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس کی منصوبہ بندی میں مولانا شاہد لطیف بھی ملوث تھے۔

ماجد نظامی کے مطابق انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے اس حملے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنے والے کچھ لوگوں کے ایک گروہ کی فون کالوں کے ذریعے سے نشان دہی کی جس میں مولانا شاید لطیف بھی شامل تھے۔ جس کے بعد ان پر انڈیا میں باقاعدہ چند مقدمے بھی درج ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا شاہد لطیف کا شمار ان لوگوں میں ہوتا تھا جو ابھی بھی انڈیا کو مطلوب تھے۔ انڈیا نے انٹر پول کی مدد سے ان کا ریڈ نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

ماجد نظامی نے ان کے قتل کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’لگ رہا ہے یہ ٹارکٹ کلنگ ہے۔‘

تنازعات کے حوالے سے رپورٹنگ کرنے والے صحافی فیض اللہ خان بھی اس حوالے سے ماجد نظامی کی رائے سے متفق ہیں۔

فیض اللہ خان کا کہنا تھا کہ مولانا شاید لطیف کا قتل چند دن قبل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے ایک اور کشمیری رہنما ابو قاسم کے قتل سے ملتا جلتا ہے اور تقریباً اسی طرح یہ قتل بھی ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا شاہد لطیف کا نام انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی مختلف کارروائیوں میں لیا جاتا تھا۔

’مولانا شاہد لطیف آج کل محتاط تھے‘

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مولانا شاہد لطیف کے ایک قریبی عزیز کے مطابق ’مولانا شاہد آج کل محتاط تھے اور انھوں نے میل جول ختم کر دیا تھا۔‘

مولانا شاہد لطیف کےایک قریبی عزیز نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ کچھ ہفتوں سے مولانا شاہد لطیف بہت احتیاط کر رہے تھے۔ انھوں نے اپنی سرگرمیاں بہت محدود کر دی تھیں۔

ان کے قریبی عزیز کے بقول ’ایک دو مرتبہ انھوں نے ذکر بھی کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔‘

قریبی عزیز کا کہنا تھا کہ وہ مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے تھے۔

فیض اللہ خان کہتے ہیں کہ ’اس واقعے سے قبل جیش محمد کے ابراہیم مستری، حزب المجاہدین کے امتیاز عالم، لشکر طیبہ کے ابو قاسم اور اب جیش محمد ہی کے مولانا شاہد لطیف کی مسجد میں نماز کے وقت ٹارگٹ کلنگ ہوئی ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’شاید نماز کا وقت اس لیے چنا گیا ہے کہ اس وقت وہ اپنا تحفظ نہیں کرسکتے اور شاید ان کے ذہن میں یہ بھی نہیں ہوگا کہ مسجد میں اس طرح نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔‘

ماجد نظامی کا کہنا تھا کہ مجھ تک یہ معلومات پہنچی ہیں کہ اس سے پہلے کے واقعات میں کچھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جن کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں لائی جا رہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.