امریکہ: طوفانِ گرد و باد میں اُڑ جانے والا چار ماہ کا بچہ جو بحفاظت پیڑ میں اٹکا مل گیا

مسز مور نے ایک مقامی نیوز سٹیشن کو بتایا کہ ’گرداب نے جھولے میں پڑے میرے بچے لارڈ کو جھولے کے ساتھ اٹھا لیا۔ وہ گھر سے اڑ کر نکلنے والی پہلی چیز تھی۔‘

جنوبی امریکہ میں آنے والے طوفان میں شہر ٹینیسی کا ایک چار ماہ کا بچہ جھکڑ کے ساتھ اڑ گيا جو بقول والدین ’خدا کے فضل سے‘ زندہ سلامت بچ گیا ہے۔

بچے کے والدین نے بتایا کہ سنیچر کو ایک مہلک طوفان نے ان کے موبائل گھر کے پراخچے اڑا دیے اور جھولےمیں موجود بچے کو ایک گرداب اڑا کر لے گيا۔

وہ بچہ موسلا دھار بارش میں ایک گرے ہوئے درخت میں زندہ سلامت پھنسا ہوا ملا۔

اس چار ماہ کے بچے، اس کے ایک سالہ بھائی اور والدین کو صرف معمولی چوٹیں اور زخم آئے ہیں۔

دو بچوں کی 22 سالہ ماں سڈنی مور نے کہا کہ جیسے ہی طوفان گردو باد کا بگولہ ان کے موبائل گھر سے ٹکرایا وہ اس کی چھت کو اڑا لے گیا۔

مسز مور نے ایک مقامی نیوز سٹیشن کو بتایا کہ ’گرداب نے جھولے میں پڑے میرے بچے لارڈ کو جھولے کے ساتھ اٹھا لیا۔ وہ گھر سے اڑ کر نکلنے والی پہلی چیز تھی۔‘

اس کے بوائے فرینڈ اور بچے کے والد نے لارڈ کے پنگوڑے حفاظت کے لیے چھلانگ لگا دی لیکن طوفان نے انھیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مز مور نے کہا کہ ’انھوں نے بتایا کہ پورے وقت پنگوڑے کو پکڑے ہوئے تھے یہاں تک کہ وہ گرداب میں چلے گئے اور پھر انھیں باہر پھینک دیا گيا۔‘

جب یہ سب ہو رہا تھا تو مز مور نے اپنے ایک سالہ بیٹے پرنسٹن کو تھام رکھا تھا۔

مز مور نے کہا کہ ’میرے اندر کسی چیز نے مجھے دوڑ کر اپنے بیٹے کے اوپر چھلانگ لگانے کو اور حقیقتاً میں نے جس لمحے اس پر چھلانگ لگائی اسی لمحے دیواریں گر گئیں۔‘

انھوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں دیوار سے واقعی کچلی جا رہی تھی۔ میں سانس نہیں لے پا رہی تھی۔‘

بگولہ گزرنے کے بعد مز مور اپنے ایک سالہ بیٹے پرنسٹن کے ساتھ ملبے سے بچ کر نکلنے میں کامیاب رہیں۔ وہ اور ان کے بوائے فرینڈ نے فوراً لارڈ کی تلاش شروع کر دی۔

وہ موسلا دھار بارش میں اپنے بچے کو تلاش کرنے کے لیے نکلے تو انھیں ان کا بچہ زندہ اور سلامت ایک چھوٹے سے درخت میں پھنسا ملا جیسے کے وہ کوئی ’چھوٹا سا جھولا ہو‘۔

مز مور نے کہا کہ ’مجھے لگا کہ وہ مر گیا ہوگا۔ مجھے پورا یقین تھا کہ مر چکا ہے اور ہم اسے نہیں ڈھونڈ پائیں گے۔‘

’لیکن وہ خدا کے فضل سے یہاں سلامت ہے۔‘

مز مور کی بہن کیٹلن مور نے طوفان سے ان کی کار اور گھر کو مکمل طور پر ہونے والے نقصان کی تلافی کے لیے ’گو فنڈ می‘ نامی ایک مہم شروع کی ہے۔

کیٹلن مور کا کہنا ہے کہ بچے اور مز مور کو معمولی خراش اور چوٹ آئی ہے۔ لیکن ان کے بوائے فرینڈ کے بازو اور کندھے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

گوفنڈمی کے مطابق ’ایسا لگ رہا تھا جیسے لارڈ کو درخت پر آہستگی سے رکھا گیا ہو۔ گویا کسی فرشتے نے اسے محفوظ طریقے سے اس جگہ تک پہنچایا ہو۔‘

مز مور نے کہا: ’میں اپنے بچوں کے لیے جان بھی دے دوں گی اور اس میں کوئی شک نہیں اور میرا بوائے فرینڈ بھی ایسا ہی کرے گا۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.