کراچی کے اسپتال میں زیر علاج دنیا کے سب سے طویل القامت شخص نصیر سومرو کے مداحوں نے حکومت سے علاج کیلئے مدد کی اپیل کردی ہے۔
عالمی ریکارڈ کے حامل 54 سال نصیر سومرو مداحوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی ریکارڈ ہولڈر نصیر سومرو کی مدد کرے اور ان کے علاج معالجے میں مدد دے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے طویل القامت نصیر سومرو کو 10 لاکھ روپے دیئے تھے اور ماہانہ 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ گورنر سندھ نصیر سومرو سے ملاقات کے لئے کراچی میں ان کے گھر پہنچے اور خیریت دریافت کی تھی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بد قسمتی ہے کہ ہم نے نصیر سومرو جیسی شخصیت کو زندگی میں ہی فراموش کردیا، نصیر سومرو کی یہ بات سن کر بہت دکھ ہوا کہ وہ سوچتے ہیں کہ سندھ کا بیٹا نہیں ہوں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نصیر سومرو کو 10 لاکھ روپے دیے، جب کہ گھر میں جنریٹر لگانے اور ان کے قد کے برابر بیڈ بنانے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔
نصیر سومرو علالت کی وجہ سے اس وقت کراچی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جس کی وجہ سے ان کے مداحوں نے حکومت کی توجہ دلانے کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔