زین ملک کا ’پاکستانیوں کے لیے تحفہ‘: ’مجھے اچھا لگا جب اردو میں گانے کی پیشکش ہوئی‘

عالمی شہرت یافتہ گلوکار زین ملک نے پاکستانی بینڈ ’اور‘ کے ساتھ اردو میں ایک گانا گایا ہے جسے فینز ’ان کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے ایک تحفہ‘ قرار دے رہے ہیں۔

زین ملک کے بارے میں تو آپ جانتے ہی ہوں گے اگر نہیں تو چلیں ہم بتا دیتے ہیں۔ زین ملک پاکستانی نژاد معروف برطانوی گلوکار ہیں اور اُن کے گانوں میں ’ڈسک ٹِل ڈان، پلو ٹالک اور ڈونٹ وانا لیو فار ایور‘ سرِ فہرست ہیں۔

لیکن ہم آج زین ملک کا ذکر کیوں کر رہے ہیں؟ تو جناب معاملہ یہ ہے کہ زین نے معروف پاکستانی بینڈ ’اور‘ کے ساتھ شراکت کر کے اردو میں ایک گانا گایا ہے۔

بہت سے لوگوں کا یہ خیال ہے کہ زین اردو میں روانی رکھتے ہیں۔ اب ہوا یہ ہے کہ ’اور‘ کے مشہور گانے ’تو ہے کہاں‘ کے ریمیک میں ون ڈائریکشن کے سابق گلوکار اردو میں گانا گاتے نظر آ رہے ہیں۔

گانے کے اصل ورژن کو 95 ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ گذشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والا ریمیک تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور اسے 33 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

زین ملک نے کہا کہ جب اور میوزک نے ان سے رابطہ کیا تو انھیں ’خوش گوار حیرت ہوئی اور اپنے لیے اچھا محسوس کیا۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے یہ گانا بہت پسند آیا ہے اور میں نے پوری کوشش کی ہے کہ میں اس میں خود کو شامل کر سکوں۔ مجھے اُمید ہے کہ ہم نے جو کچھ کیا ہے، اسے لوگ ضرور پسند کریں گے۔‘

31 سالہ زین بریڈ فورڈ، انگلینڈ میں پیدا ہوئے تھے، لیکن ان کی جڑیں یعنی اُن کے آباؤ اجداد اردو بولنے والے ہیں۔ ان کے والد کا شمار برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن میں ہوتا ہے۔

اس گانے نے آن لائن اُن کے فینز کو اپنی طرف متوجہ کیا جس کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے زین ملک پر زور دیا کہ ’براہ مہربانی مزید اردو گانے ریلیز کریں۔ کچھ زبانوں میں چیزیں بہتر محسوس ہوتی ہیں۔۔۔ مجھے اُمید ہے کہ زین مکمل طور پر اردو گانے گائیں گے۔‘

بہت سے اردو بولنے والے مداحوں نے بھی اس ٹریک کے ریلیز کے بعد اسے اپنے ساتھی پاکستانیوں کے لیے تحفہ قرار دیا۔

زین ملک کے میوزک کیریئر کا آغاز 2010 میں برطانوی ٹی وی میوزک شو دی ایکس فیکٹر پر قائم ہونے والے ’ون ڈائریکشن‘ کے حصے کے طور پر ہوا تھا۔ انھوں نے 2016 میں اپنا پہلا البم، ’مائنڈ آف مائن‘ جاری کیا۔ ان کے 2021 کے البم کے ایک گانے ’کوئی نہیں سن رہا ہے‘ میں اردو بول بھی شامل ہیں۔

اور بینڈ میں تین دوست احد، اسامہ اور رفیع شامل ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس تعاون سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہے۔‘

اور نے مزید کہا کہ ’ہم پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر لے جا رہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ دنیا ہماری موسیقی کو پسند کرے۔‘

کراچی سے تعلق رکھنے والے اس بینڈ نے 2020 میں ہی پاکستان کے موسیقی کے منظر نامے پر قدم رکھا تھا۔ لیکن اس نے پہلے ہی اپنی موسیقی کے ساتھ خطے میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں آر اینڈ بی اور ہپ ہاپ کا امتزاج ہے۔

چلیں جی یہ تو ہوئیں سب اچھی اچھی باتیں مگر ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ معاملہ ایکس پر ہو اور اس پر سب اچھی باتیں کریں۔ کُچھ نہ کُچھ یا کوئی نہ کوئی بات اس کے علاوہ بھی ہوئی ہوگی تو ایسا ہی معاملہ زین ملک کے اور کے ساتھ اس گانے کے بعد بھی سامنے آیا کہ جہاں کُچھ لوگوں نے زین کے ادرو بولنے یا اُن کے اور کے گانے میں اُردو بول پر حیرانی کا اظہار کیا۔

کُچھ لوگوں نے تو کہا کہ ان کا اردو تلفظ کافی خراب ہے مگر اس پر ایکس کے ایک عمار نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیوں لوگ زین کے تلفظ پر بے انتہا بات کر رہے ہیں، کیا آپ سب اس بات کی توقع کر رہے تھے کہ زین ملک ماضی کے مشہور و معروف گلوکار مہدی حسن کی طرح گانا گائیں؟‘

https://twitter.com/amar_decode/status/1745888591509946503

ان کہ بعد ینگ گوئی نامی صارف نے لکھا کہ ’آسٹریلیا کے فاسٹ بالر بریٹ لی زین سے اچھا اردو اور ہندی گانا گا لیتے ہیں۔‘

https://twitter.com/GongR1ght/status/1745750295119077521

تاہم زینب نامی ایک ایکس یوزر نے تو اس بات پر انتہائی حیرت کا اظہار کیا کہ اُنھوں نے پاکستانی بینڈ کے ساتھ گانا گایا ہے۔

اُنھوں نے لکھا ’کیا زین ملک نے واقعی پاکستانی گروپ کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے؟ کیا آپ سب میرے ساتھ مذاق کر رہے ہیں؟ نہیں، نہیں کیا آپ سب میرے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں؟‘

https://twitter.com/mytimemotsjjk/status/1745101145205301345?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1745101145205301345%7Ctwgr%5Eb84527a17c15cdd578208a619bcded8af5e09ec7%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fimages.dawn.com%2Fnews%2F1192187

یہ سب تجزیے اور سوشل میڈیا کے تبصرے تو ایک جانب مگر بات یہ ہے کہ زین ملک نے گانا گایا ہے اور وہ بھی پاکستانی بینڈ ’اور‘ کے ساتھ۔

اب تک اس گانے کو یوٹیوب پر ریلیز کے بعد سے 33 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چُکا ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.