یمنٰی زیدی: ’ڈرامہ تیرے بن کے رومانوی سین پہلے بھی سکرین پر دکھائے گئے مگر ان میں جذبات کی شدت کم تھی‘

اداکارہ یمنیٰ زیدی بہت جلد سلور سکرین پر پہلی مرتبہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔ اپنی آنے والی فلم ’نایاب‘ کے حوالے سے یمنیٰ نے بی بی سی کو بتایا کہ جب انھوں نے فلم کی کہانی سنی تو اس کو کرنے کے لیے فوری طور پر راضی ہو گئیں۔
یمنیٰ
BBC

اداکارہ یمنیٰ زیدی بہت جلد سلور سکرین پر پہلی مرتبہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔ اپنی آنے والی فلم ’نایاب‘ کے حوالے سے یمنیٰ نے بی بی سی کو بتایا کہ جب انھوں نے فلم کی کہانی سنی تو اس کو کرنے کے لیے فوری طور پر راضی ہو گئیں۔

صحافی براق شبیر سے اس فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے یمنیٰ نے کہا کہ ’اس فلم میں جدوجہد کرنے والی ایک لڑکی کی زندگی دکھائی گئی ہے، جو کرکٹر بننا چاہتی ہے اور کرکٹر بننے کے لیے وہ بہت جدوجہد کرتی ہے۔‘

’اُس لڑکی کی زندگی میں ایک لڑکا ہے لیکن وہ سوچتی ہے کہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرے یا معاشرے کی روایت کو دیکھتے ہوئے صحیح ٹائم پر شادی کر لے۔ یہ سب دیکھ کر مجھے لگا کہ اگر میں سلور سکرین پر کچھ کروں تو ایسا ہی کچھ ہونا چاہیے۔‘

گذشتہ کئی سال سے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ یمنیٰ کے نام ہے بلکہ دو سال سے انھیں ایک ساتھ دو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

یمنیٰ کے پچھلے سال نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ جس میں انھوں نے وہاج علی کے ساتھ کام کیا کو کافی پذیرائی ملی۔

چند دن قبل ڈرامے کے دوسرے سیزن کا بھی اعلان کیا گیا جس میں دونوں اداکار ایک بار پھر ساتھ نظر آئیں گے۔

تیرے بن میں کچھ رومانوی سینز ایسے تھے جو ناظرین نے کافی پسند کیے اور ساتھ ہی حیرانی کا اظہار بھی کیا کیونکہ وہ عموماً ٹی وی سکرین پر دیکھنے کو نہیں ملتے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے یمنیٰ نے کہا کہ ’تیرے بن میں دکھائے جانے والے رومانوی سینز پہلے بھی سکرین پر دکھائے جا چکے ہیں مگر ان میں جذبات کی شدت کم تھی۔ تیرے بن میں کیونکہ لوگ نئے تھے، کہانی بیان کرنے کا انداز نیا تھا، نئی ڈائریکشن تھی، نئی سکرین تھی لیکن محبت کرنے اور لڑائی کرنے کا احساس وہ سب پرانا تھا۔‘

’بعض لوگ شکایت کرتے ہیں کہ یہاں پر گلے لگنے والا سین ہونا چاہیے تھا، اگر وہاں پر اس سین کی ضرورت ہو گی تو وہ سین کیا جائے گا۔‘

’میں نے کبھی اپنی لُکس کے بارے میں اتنا نہیں سوچا‘

فلم ’نایاب‘ میں یمنیٰ کا لباس، میک اپ وغیرہ کافی سادہ ہے۔ ڈراموں میں بھی یمنیٰ عموماً مشرقی لباس میں نظر آتی ہیں۔ کیا یمنیٰ گلیمر سے دور رہنا پسند کرتی ہیں؟

اس سوال کے جواب میں وہ کہتی ہیں کہ ’ویسے بھی ڈراموں میں گلیمر کم ہوتا ہے اور میں نے کبھی اپنی لُکس کے بارے میں اتنا زیادہ نہیں سوچا کہ مجھے کس کردار میں کیسا نظر آنا چاہیے۔

’جب نایاب کی سٹائلنگ ہو رہی تھی تو اہم چیزوں کو مدِنظر رکھا گیا کہ ایسے کپڑے پہنے جائیں جن کو دیکھ کر لگے کہ یہ کپڑے پہلے کئی مرتبہ پہنے ہوئے ہیں۔ بالکل بھی نئے نہیں لگیں۔ یہ کپڑے اس فلم کے لیے نہیں بنائے گئے تھے۔ بالوں میں کوئی ایکسٹینشن نہیں لگائی گئی، چہرے پر کوئی خاص چیز استعمال نہیں کی گئی۔

پچھلے دنوں ڈرامہ سیریل ’تیرے بن ٹو‘ کے ’اناؤنسمنٹ شوٹ‘ کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھی گئیں جن میں فینز نے یمنیٰ کے ویسٹرن آؤٹ فٹ کو سراہا۔ فلم ’نایاب‘ کی پرموشنز کے دوران بھی یمنیٰ کو مغربی لباس میں دیکھا گیا۔

اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے اپنے ہر کام پر لوگوں کا فیڈ بیک اچھا لگتا ہے۔ اگر میں شروع سے بہت گلیمر کرتی اور اب کچھ سادہ کرتی تو اس کو بھی لوگ بہت پسند کرتے۔ اگر لوگ مجھے مختلف ملبوسات میں دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ اچھا ہے۔‘

’فلم کے لیے صبح چھ، سات بجے اُٹھ کر جم گئی‘

یمنیٰ زیدی نے بتایا کہ اپنی فلم ’نایاب‘ کے لیے انھیں خاصی محنت کرنا پڑی۔

’فزیکل فٹنس کے لیے مجھے کافی محنت و مشقت کرنی پڑی کیونکہ میں اتنی زیادہ فزیکل ایکٹیویٹی نہیں کرتی لیکن یہ کرنے کے بعد احساس ہوا کہ یہ سب کرنا بہت ضروری ہے۔‘

’صبح چھ، سات بجے اُٹھ کر جم جانا، کرکٹ کی پریکٹس کرنا۔ ایک کرکٹر کے کردار کو احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش اور محنت کی۔‘

فلم ’نایاب‘ سے جڑی توقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یمنیٰ نے بتایا کہ کافی لوگ ان سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا ان کی آنے والی پہلی فلم بھی ڈراموں کی طرح مقبولیت حاصل کرے گی۔

’میں چھ مہینے سے سکرین سے غائب ہوں تو جو لوگ مجھے دیکھنا چاہتے ہیں وہ دیکھنے ضرور آئیں گے۔‘

’نایاب‘ کی ریلیز کے بعد یمنٰی ڈرامہ سیریل ’جینٹل مین‘ میں اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ ایک منفرد کردار نبھاتی ہوئی نظر آئیں گی جو ان کے بقول بہت ’مشکل‘ اور ’خطرناک‘ ہے۔

ہمایوں کے ساتھ یہ ان کا پہلا پروجیکٹ ہے۔ ہمایوں کے ساتھ آن سکرین کیمسٹری کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ جس طرح لوگوں نے بلال عباس، احمد علی اکبر اور وہاج علی کے ساتھ ان کی آن سکرین کیمسٹری کو پسند کیا، وہ اُمید کرتی ہیں کہ وہ انھیں ہمایوں کے ساتھ بھی سکرین پر پسند کریں گے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.