بچپن میں برتن بیچنے والے منور فاروقی کا گجرات فسادات سے بگ باس کے فاتح تک کا سفر

بگ باس جیتنے سے قبل منور مئی 2022 میں بھی ایک ریئلٹی شو ’لاک اپ‘ جیت چکے ہیں۔ اس شو کی میزبان اداکارہ کنگنا رناوت تھیں۔

منور فاروقی ریئلٹی شو بگ باس 17 جیت گئے ہیں۔ اتوار کو رات دیر گئے، بگ باس کے میزبان سلمان خان نے منور فاروقی کے فاتح ہونے کا اعلان کیا۔

شو جیتنے پر منور کو گاڑی، 50 لاکھ روپے اور ٹرافی انعام میں ملی۔ ابھیشیک کمار شو میں دوسرے نمبر پر رہے۔

28 جنوری کا دن کامیڈین، گلوکار اور مصنف منور فاروقی کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ ان کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔

منور فارہوقی تین ماہ سے زائد عرصے تک بگ باس میں رہے۔ تین ماہ جاری رہنے والے اس شو میں منور نے کبھی شائقین کو ہنسایا تو کبھی رلایا۔

آئیے، منور فاروقی کے ریئلٹی شو اور حقیقی زندگی کے سفر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

بگ باس میں گزرا منور کا وقت

شو کے دوران، منور نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑی کچھ باتیں شیئر کیں۔

شو میں دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب عائشہ نامی خاتون کی بگ باس میں انٹری ہوئی۔

انھوں نے شو میں منور کے بارے میں جو باتیں کی اس کا بہت چرچا ہوا اور عائشہ کی انٹری سے منور کی ساخت کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

بگ باس جیتنے کے بعد جب ایک میڈیا ہاؤس نے منور سے سوال کیا کہ آیا عائشہ کی انٹری کے بعد وہ شو جیتنے کی امید کھو بیٹھے تھے؟

منور کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی امید نہیں چھوڑی تھی مگر ایک لمحہ ایسا ضرور آیا تھا جب میں بھٹک گیا تھا لیکن میں نے پھر بھی شو جیتنے کی امید کبھی نہیں چھوڑی۔‘

’بگ باس ہاؤس کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں نے محسوس کیا کہ منزل پر پہنچنے سے پہلے مجھے کچھ چیزیں ٹھیک کرنی ہوں گی کیونکہ اگر میری گاڑی پنکچر ہے تو میں آگے نہیں جا سکتا، اس لیے میں رکا، گاڑی کو ٹھیک کیا اور پھر آگے بڑھا۔‘

جب منور سے پوچھا گیا کہ لوگ ان کو خواتین کے معاملے میں دھوکے باز کہتے ہیں تو اس پر ان کہنا تھا کہ ’یہ سن کر بہت تکلیف ہوتی ہے اور اچھا نہیں لگتا۔ یہ سب باتیں میرے لیے حیران کن ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ وقت کے ساتھ معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں۔‘

شو کے دوران منور نے کہا تھا کہ میں نے اپنے حساب سے شو کھیلا، کبھی کسی کے بارے میں پیٹھ پیچھے کبھی برائی نہیں کی۔

منور کی سوشل میڈیا پر مقبولیت

منور کے سوشل میڈیا پر بہت مداح ہیں۔ منور کے پرستار اور ٹیم بخوبی جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کیسے چلانا ہے اور ووٹنگ کیسے کرنی ہے۔

شو کے دوران کئی مواقع ایسے آئے جب منور سے جڑے ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے تھے۔

بگ باس جیتنے سے قبل منور مئی 2022 میں بھی ایک ریئلٹی شو ’لاک اپ‘ جیت چکے ہیں۔ اس شو کی میزبان اداکارہ کنگنا رناوت تھیں۔

اس شو کے فائنل میں منور کے علاوہ انجلی اروڑہ، پائل روہتگی اور شیوم پہنچے تھے۔

لاک اپ شو میں انٹری کے بعد منور فاروقی مسلسل سرخیوں میں رہے۔ کبھی اپنی ماں کی کہانی سنا کر اور کبھی اپنے بچپن کے جنسی استحصال کی کہانی سنا کر۔

اس وقت، سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں کو لگا کہ منور فاروقی لاک اپ شو جیت سکتے ہیں اور ایسا ہی ہوا۔

اس بار بگ باس کے بارے میں بھی ایسی ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور منور جیت گئے۔

منور کا بچپن

منور فاروقی 1992 میں جوناگڑھ، گجرات میں پیدا ہوئے۔ منور نے کئی بار کہا ہے کہ ان کا گھر ان گھروں میں شامل تھا جو سنہ 2002 کے گجرات فسادات میں تباہ کر دیے گئے تھے۔

سنہ 2002 کے فسادات کے بعد منور اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے علاقے ڈونگری آ گئے۔

یہ وہی ڈونگری ہے جہاں داؤد ابراہیم کا بھی گھر تھا اور منور بھی اپنی کئی ویڈیوز میں اس معاملے میں لوگوں کے سوالات اور مشکوک نگاہوں کا مذاق اڑاتے نظر آتے ہیں۔

گجرات سے ڈونگری آنے کے کچھ وقت بعد منور کی والدہ انتقال کر گئیں۔

بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے منور فاروقی نے کہا کہ وہ بچپن میں برتن بیچتے تھے اور گرافک آرٹسٹ کا کام کرتے تھے۔

منور فاروقی کامیڈی کی دنیا میں کیسے آئے؟

بلراج سنگھ گھئی منور کے دوست اور کامیڈی شوز کا اہتمام کرنے والی تنظیم ’دی ہیریٹیج‘ کے بانی ہیں۔ دی پرنٹ کو ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا ’ایک بار منور نے مجھے بتایا کہ وہ کسی اشتہار کے سیٹ پر تھے، وہاں ایک سٹینڈ اپ کامیڈی سین بھی شوٹ ہونا تھا۔ پروڈیوسرز کے پاس کوئی ایسا شخص نہیں تھا جو سٹیج پر جا کر سٹینڈ اپ کامیڈی کرے۔‘

’پھر پروڈیوسر نے منور کو سٹیج پر جا کر دو لائنیں بولنے کو کہا۔ وہ لائنیں انھوں نے بہت زبردست انداز میں ادا کیں۔ ایسا لگتا تھا کہ منور یہ سب کچھ پہلے سے کرتے آئے ہیں۔ اس کے بعد وہ ہمارے بہت سے شوز میں آئے اور غیر متوقع طور پر بہت مقبول ہو گئے۔‘

منور کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ پہلے تو ان کی فیملی نے سٹینڈ اپ کامیڈی کو بس ٹائم پاس سمجھ کر رد کر دیا لیکن جب منور کی مقبولیت بڑھی اور لوگ ان کے ساتھ سیلفیاں لینے لگے تب ان کو سمجھ آئی کہ یہ واقعی میں سنجیدہ کام ہے۔

منور کی شادی کا معاملہ

شو ’لاک اپ‘ کے دوران ایک موقع ایسا آیا، جب یہ انکشاف ہوا کہ منور فاروقی شادی شدہ ہیں۔ شو کے دوران، منور کی سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصویر دکھائی گئی۔

اس تصویر میں منور ایک خاتون اور ایک بچے کے ساتھ نظر آ رہے تھے۔ شو میں جب یہ دھندلی تصویر دکھائی گئی تو منور نے اعتراف کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں۔

منور نے یہ بھی بتایا ’ہم تقریباً ڈیڑھ سال سے الگ رہ رہے ہیں، عدالتی معاملات چل رہے ہیں، یہ میرا ذاتی معاملہ ہے جس پر میں شو میں بات نہیں کرنا چاہتا۔‘

لاک اپ شو کے دوران انجلی اروڑہ کے ساتھ منور کی کیمسٹری بھی سرخیوں میں رہی۔

تاہم جب شو ختم ہوگیا تو وہ سوشل میڈیا پر اپنی اس وقت کی گرل فرینڈ نجیلا کے ساتھ دکھائی دینے لگے لیکن اب دونوں الگ ہو گئے ہیں۔

ایک بار انسٹاگرام لائیو کے دوران نجیلہ نے منور کے بارے میں ایسی کچھ باتیں کہیں، جن پر کافی بحث ہوئی۔

منور کے کامیڈی شوز تنازعات کا شکار

منور کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں۔ یوٹیوب پر منور کی پہلی ویڈیو سال 2020 میں اپ لوڈ ہوئی۔ تب سے، منور کئی جگہ سٹینڈ اپ کامیڈی کرتے آئے ہیں۔

ان پر الزام تھا کہ انھوں نے مزاحیہ ویڈیوز میں ہندو دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب تبصرے کیے تھے۔ یکم جنوری 2021 کو اندور پولیس نے اس الزام کی وجہ سے منور سمیت چار لوگوں کو گرفتار کرلیا۔

ان کو تقریباً ایک ماہ تک جیل میں رہنا پڑا۔ دریں اثنا، مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کے اندور بنچ نے منور کی ضمانت کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ ’ایسے لوگوں کو چھوڑنا نہیں جانا چاہیے۔‘

بالآخر، منور کو فروری 2021 میں انڈین سپریم کورٹ سے ضمانت مل گئی۔

جیل سے نکلنے کے بعد، منور نے میڈیا سے دوری اختیار کر لی اور اپنے یوٹیوب چینل پر ’لیونگ کامیڈی‘ کے نام سے ایک ویڈیو شائع کی۔

ویڈیو کے آخر میں منور کہتے ہیں کہ ’میں کامیڈی نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ میرے پاس کامیڈی چھوڑنے کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن کامیڈی کرنے کی ایک وجہ ہے۔۔۔ وہ آواز جو مجھے سٹیج پر بلاتی ہے۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.