لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات،اسد منظور بٹ صدر،قادر بخش چاہل سیکرٹری منتخب

image

لاہور۔24فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ (حامد خان) کے صدارتی امیدواراسد منظور بٹ نے 6ہزار195 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی ، ان کے مدمقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار ثاقب اکرم گوندل 5 ہزار 768 ووٹ حاصل کرکے شکست سے دو چار ہوگئے، دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان ون ٹو ون کانٹے دار مقابلہ رہا ۔ الیکشن نتائج کے مطابق میاں سردار علی 3344ووٹ لیکر نائب صدر منتخب جبکہ ان کے مدمقابل امیدواروں حسیب بن یوسف نے 1905 ووٹ، عبدالرحمن رانجھا نے 2998،ملک فدا حسین نے 1677،مظہر عباس خان سیا ل نے614 ووٹ اورمیاں وحید نذیر نے 1369 ووٹ حاصل کئے ۔ سیکرٹری کی نشست پر قادر بخش چاہل نے 7119ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی،

ان کے مدمقابل امیدواروں آصف محمود چوہان نے 1260اورقاسم اعجاز سمرا نے 3553 ووٹ حاصل کئے ۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر فلک ناز گل نے 5503ووٹ لیکر اپنے مد مقابل امیدواروں کو شکست دی، ان کے مقابلے میں فنانس سیکرٹری کی نشست پر جام بن شعیب کمبوہ نے 5033 اور سید فرخ عباس رضوی نے 1389 ووٹ حاصل کئے ۔الیکشن کی نگرانی چئیر مین الیکشن بورڈ میاں عرفان اکرم کی سربراہی میں ڈپٹی چیئرمین الیکشن بورڈ حسیب اللہ خان اور ڈپٹی چیئرمین خداداد چھٹہ پر مشتمل تین رکنی بورڈ نے انجام دیئے ۔الیکشن میں کامیابی پر نو منتخب صدر اسد منظور بٹ کے حامی وکلاء نے جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے ، مٹھائی تقسیم کی اور پرجوش نعرے لگائے۔

اس موقع پر نو منتخب صدر اسد منظور بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے اور بار کے سینئر وکلاء کی مشاورت سے بار ایسوسی کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار و بنچ کے درمیان پائے جانے والے خلا کو دور کیا جائے گا اور اپنی تمام تر صلاحیتیں وکلا ء کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لائیں گے ۔ علاہ ازیں انتخابات کے سلسلے میں ہفتہ کو پولنگ پرامن اور شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوئی، دن بھر وکلاء کی گہما گہمی رہی ،نوجوان خواتین و مرد وکلاء اپنے اپنے کیمپوں وہائیکورٹ احاطے میں سیلفیاں اور وکٹری کا نشان بناتے رہے،

امیدواروں نے اپنے کیمپوں میں ووٹرز اور کارکنوں کے لئے سبز چائے کے اسٹالز بھی لگا رکھے تھے جہاں صبح سے شام تک ووٹرز چائے کافی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔امیدواروں کی طرف سے اپنے کارکنوں کے لئے مخصوص مقامات پر دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔الیکشن میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 29 ہزار 216، خواتین ووٹر کی تعداد2 ہزار101 جبکہ مرد ووٹر 27 ہزار 115 ہیں جس کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار کے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم ہال میں بائیو میٹرک سسٹم پر پولنگ کے لیے 8 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے

جن پر 115 کمپیوٹر سسٹم نصب کئے گے جہاں پر وکلاء ووٹرز اپنا حق ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ چئیرمین الیکشن بورڈ میاں عرفان اکرم نے دیگر الیکشن بورڈ ممبران کے ہمراہ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن عمل میں امیدواروں اور وکلاء ووٹرز نے بھرپور تعاون کیا اور پرامن طور پر پولنگ کے عمل کو یقینی بنایا جبکہ سکیورٹی فورسز نے بھی سکیورٹی کے احسن انتظامات کئے جن پر انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.