چارٹرڈ طیارے، 500 ڈشز اور ’جنگل ڈے‘۔۔۔ مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی پر کیا کچھ ہو گا؟

چارٹر پروازوں کی دوڑیں، ریحانہ کی پرفارمنس اور ’جنگل‘ ڈریس کوڈ۔۔۔ یہ سب کسی بڑے کنسرٹ یا ایوارڈ شو کی تیاری کے لیے نہیں بلکہ انڈیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی پر دیکھنے کو ملے گا جس کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے ہو رہا ہے۔
امبانی
Reuters

چارٹر پروازوں کی دوڑیں، ریحانہ کی پرفارمنس اور ’جنگل‘ ڈریس کوڈ۔۔۔ یہ سب کسی بڑے کنسرٹ یا ایوارڈ شو کی تیاری کے لیے نہیں بلکہ انڈیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی پر دیکھنے کو ملے گا جس کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے ہو رہا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ کئی شخصیات مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کا حصہ بنیں گی جن میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے سربراہان، صنعتی شعبوں کی اشرافیہ، بالی وڈ کے ستارے، کرکٹرز، معروف گلوکار اور سیاستدان شامل ہیں۔ ایک طرف اس شادی پر مدعو کیے گئے کئی غیر ملکی چارٹر پروازوں پر انڈیا آئیں گے تو دوسری طرف شادی کی تقاریب میں مہمانوں کو لے جانے والی چارٹر پروازوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

اس تقریب کے موقع پر امبانی خاندان اپنے آبائی علاقے جام نگر میں تین روز میں 50 ہزار سے زیادہ لوگوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔ اسی مقام پر شادی کی رسومات اور پرفارمنسز کے لیے خصوصی مندر تعمیر کرایا گیا ہے۔

66 سالہ امبانی تیل، ٹیلیکام اور دیگر صنعتوں پر مشتمل ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں جو فوربز کے مطابق دنیا کی امیر ترین ارب پتی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ فوربز کے مطابق ان کے پاس 114 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

بدھ کی شام امبانی اور ان کی بیوی نیتا اپنے بیٹے آننت اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ انڈیا کی مغربی ریاست گجرات کے علاقے جام نگر میں قائم ریلائنس ٹاؤن شپ گئے جہاں انھوں نے آبائی لوگوں کو تین روز تک مفت کھانا کھلانے کی تقریب کا افتتاح کیا۔

امبانی
Reuters

امبانی کے تین بچوں میں سے ایک 28 سالہ آننت امبانی ریلائنس کی کئی کمپنیوں کے بورڈز میں بطور ڈائریکٹر تعینات ہیں۔ وہ ریلائنس کے نئے توانائی کے کاروبار اور اینکور ہیلتھ کیئر کے ڈائریکٹر ہیں۔

ان کی شادی 29 سالہ رادھیکا سے ہونے جا رہی ہے جو انھی کی طرح ایک صنعتی و کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں۔

2018 میں امبانی کی بیٹی ایشا کی شادی انڈیا کی سب سے مہنگی تقریب قرار پائی تھی جس میں اطلاعات کے مطابق 10 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ اس تقریب میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔

ایشا امبانی کی شادی کو ’منی ڈیوس سمٹ‘ کا نام بھی دیا گیا تھا کیونکہ اس میں سابق امریکی وزرا ہیلری کلنٹن اور جان کیری شریک ہوئے تھے جنھوں نے بالی وڈ کے ستاروں کے ساتھ مل کر رقص کیا تھا۔

اس بار امریکی گلوکارہ ریحانہ، جادوگر ڈیوڈ بلین اور بالی وڈ کے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ مہمانوں کو اپنی پرفارمنس سے محظوظ کریں گے۔ ریلائنس کی جاری کردہ فہرست کے مطابق اس تقریب میں مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کے ساتھ ساتھ موجودہ اور سابقہ سیاسی رہنماؤں کی لمبی لسٹ شامل ہو گی۔

امبانی
Reuters

ڈزنی کے سربراہ رابرٹ اگنر کو بھی مدعو کیا گیا ہے جنھوں نے بدھ کو انڈیا میں اپنے میڈیا کے کاروبار کو ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ ضم کرنے کا معاہدہ کیا۔ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا میں یہ انضمام 8.5 ارب ڈالر کی انٹرٹینمنٹ کمپنی کے وجود کا باعث بنے گا جو پانچویں سب سے بڑی معیشت کے لیے تفریحی مواد تیار کرے گی۔

دریں اثنا مہمانوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، سویڈن کے سابق وزیر اعظم کارل بیلٹ، سابق کینیڈین وزیر اعظم سٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ بھی شامل ہیں۔

بالی وڈ کے ستارے امیتابھ بچن، شاہ رُخ خان، سلمان خان، معروف کرکٹرز سچن ٹینڈولکر اور ایم ایس دھونی، صنعتی شخصیات گوتم اڈانی اور کمار برلا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ریلائنس فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ جام نگر میں اس شادی کے لیے ایک خصوصی ہندو مندر تعمیر کیا جا رہا ہے جو کہ ’شادی کی تقاریب میں انڈیا کی تقافتی اور روحانی شناخت‘ سے مطابقت رکھتا ہے۔

امبانی
Reuters

شادی کی مرکزی تقاریب یکم مارچ سے تین مارچ تک ہوں گی۔ سبھی تقاریب میں مختلف تھیم اور ڈریس کوڈ ہیں۔ اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ان میں سے ایک دن ’جنگل فیور‘ نامی تھیم ہے اور اس روز امبانی کے زیرِ انتظام جانوروں کے ایک ریسکیو سینٹر کا دورہ کیا جائے گا۔

اس سینٹر میں دو ہزار سے زیادہ جانور رکھے گئے ہیں۔ یہاں ہاتھیوں کا سب سے بڑا ہسپتال بھی قائم ہے۔

روئٹرز کے مطابق ’جنگل فیور‘ کے دن ڈریس کوڈ سے متعلق بتایا گیا ہے کہ مہمانوں کو جانوروں کے پرنٹ والے کپڑے یا ہوائین شرٹس پہننے کا کہا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شادی کی مرکزی تقریب جام نگر میں ہی ہوگی جہاں 1200 مہمان شریک ہوں گے۔ مہمانوں کے لیے دنیا بھر سے آئے 100 شیفس 500 کھانے تیار کریں گے۔

امبانی
Reuters

روئٹرز نے مہمانوں کو فراہم کیے گئے دستاویزات سے متعلق بتایا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ ہیئر سٹائلنگ، میک اپ آرٹسٹ اور انڈین ملبوسات ’پہلے آئیں اور پہلے پائیں‘ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔

امبانی خاندان کی جانب سے مہمانوں کو نئی دلی اور ممبئی سے آنے اور واپسی کی چارٹر پروازوں کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔ تاہم مہمانوں سے گزارش کی گئی ہے کہ ایک جوڑا صرف دو بڑے بیگ یا تین سوٹ کیس تک محدود رہے۔ روئٹرز کے مطابق اس دستاویز میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر آپ زیادہ سامان لائے تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ اسی پرواز پر آپ کے ساتھ آئے گا۔

مہمانوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ لانڈری سروس سے متعلق اپنی توقعات محدود رکھیں۔ اس میں لکھا ہے کہ ’استری کے لیے دیے گئے کپڑے تین گھنٹوں کے اندر واپس کیے جائیں گے۔۔۔ اس سے پہلے کی توقع اور مطالبہ شاید ممکن نہ ہو۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.