امبانی کے بیٹے کی شادی: ’پاکستان سے آئے‘ مہمان پولارڈ کی شرکت پر بعض فینز ناراض

انڈیا کے شہر جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی تقریبات میں جہاں دنیا بھر سے مختلف نامور شخصیات شریک ہیں وہیں گذشتہ روز پاکستان سے بھی ایک مہمان کیان پرتعیش تقریبات میں آمد ہوئی ہے۔

انڈیا کے شہر جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی تقریبات میں جہاں دنیا بھر سے مختلف نامور شخصیات شریک ہیں وہیں گذشتہ روز پاکستان سے بھی ایک مہمان کی ان پرتعیش تقریبات میں آمد ہوئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے لیے کھیلنے والے کیرون پولارڈ چند روز کے لیے اس شادی میں شرکت کے لیے جام نگر پہنچ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی سب سے زیادہ کامیاب ٹیم ممبئی انڈینز امبانی خاندان کی ملکیت ہے۔ اس ٹیم کے ساتھ پولارڈ سنہ 2010 سے منسلک ہیں اور ٹیم کے پانچ آئی پی ایل ٹائٹلز میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں اور امبانی خاندان کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔

کراچی کنگز کے ترجمان کے مطابق پولارڈ پیر کو راولپنڈی میں ٹیم کو جوائن کریں گے اور وہ اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں۔

ترجمان کے مطابق پولارڈ ٹورنامنٹ کے بقیہ گروپ میچ کھیلیں گے تاہم اگر کراچی پلے آف میچز کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو پولارڈ ان میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ پولارڈ اب تک پی ایس ایل میں بطور بیٹر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور کراچی کو مشکل موقعوں پر سہارا دیتے دکھائی دیے ہیں۔

شادی کے موقع پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے پولارڈ نے اسے ایک انتہائی نادر موقع قرار دیا اور عظیم لوگوں کے ساتھ بیٹھنے پر مسرت کا اظہار کیا۔

ان کی جانب سے بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ بھی تصویر لگائی گئی اور ساتھ ہی ایک تصویر میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو اور نکولس پورن کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ انڈیا کے مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل تقریبات کے لیے 10 دن کے لیے جام نگر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ بھی دیا گیا ہے۔

مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی اور معروف بزنس مین ویرین مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی تقریبات جام نگر میں یکم مارچ کو شروع ہوئی تھیں جس کے لیے دنیا بھر سے مشہور لوگ جام نگر پہنچے تھے۔

اخبار دی ہندو کے مطابق ان میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، مشہور گلوکارہ ریحانہ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا، کئی ممالک کے وزرائے اعظم اور بالی ووڈ کے کئی معروف اداکار شامل ہیں۔

دی ہندو کے مطابق 25 فروری سے پانچ مارچ کے درمیان کئی بین الاقوامی پروازیں ہوائی اڈے پر اترنے کے سبب وزارت صحت، وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ نے ایئرپورٹ پر ہی کسٹم، امیگریشن اور قرنطینہ کی سہولیات دے دی ہیں۔

anant
Getty Images

کراچی کنگز چھوڑ کر جانے پر مداح نالاں کیوں ہیں؟

اس پرتعیش شادی سے قبل ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے پولارڈ کا انڈیا جانا جہاں ان کے لیے خود بہت معنی رکھتا ہے وہیں پاکستان میں کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے ان کا پی ایس ایل چھوڑ کر شادی میں شرکت کے لیے جانے پر تنقید بھی ہو رہی ہے۔

اسی طرح انڈیا میں موجود کرکٹ کے مداح پولارڈ کے پی ایس ایل کے درمیان انڈیا آنے پر ان کی ممبئی انڈینز اور امبانی خاندان کے ساتھ قربت کی بات کر رہے ہیں وہیں پاکستان سپر لیگ کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کررہے ہیں۔

ایک صارف فرید خان نے اس بارے میں پوسٹ کیا کہ ’کیا اگر آئی پی ایل ہو رہی ہوتی تو کوئی کھلاڑی وہ چھوڑ کر پاکستان کسی شادی میں شرکت کے لیے آتا؟‘

رتنیش نامی صارف نے لکھا کہ ’پولارڈ پی ایس ایل کے درمیان شادی میں شرکت کے لیے انڈیا آ گئے، پی ایس ایل کی کوئی عزت نہیں ہے۔‘

ایسے ہی تبصرے متعدد دیگر انڈین مداح بھی کر رہے ہیں تاہم شادی کے باعث پولارڈ کراچی کنگز کا صرف اتوار کے روز ہونے والا میچ چھوڑیں گے۔

amabni
Getty Images

چارٹرڈ طیارے، 500 ڈشز اور ’جنگل ڈے‘۔۔۔ مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی پر کیا کچھ ہو گا؟

چارٹر پروازوں کی دوڑیں، ریحانہ کی پرفارمنس اور ’جنگل‘ ڈریس کوڈ۔۔۔ یہ سب کسی بڑے کنسرٹ یا ایوارڈ شو کی تیاری کے لیے نہیں بلکہ انڈیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی سے پہلے کی تقریبات دیکھنے کو ملے گا جس کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے ہو رہا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ کئی شخصیات مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کا حصہ بنیں گی جن میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے سربراہان، صنعتی شعبوں کی اشرافیہ، بالی وڈ کے ستارے، کرکٹرز، معروف گلوکار اور سیاستدان شامل ہیں۔

ایک طرف اس شادی پر مدعو کیے گئے کئی غیر ملکی چارٹر پروازوں پر انڈیا آئیں گے تو دوسری طرف شادی کی تقاریب میں مہمانوں کو لے جانے والی چارٹر پروازوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

اس تقریب کے موقع پر امبانی خاندان اپنے آبائی علاقے جام نگر میں تین روز میں 50 ہزار سے زیادہ لوگوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔ اسی مقام پر شادی کی رسومات اور پرفارمنسز کے لیے خصوصی مندر تعمیر کرایا گیا ہے۔

66 سالہ امبانی تیل، ٹیلیکام اور دیگر صنعتوں پر مشتمل ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں جو فوربز کے مطابق دنیا کی امیر ترین ارب پتی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ فوربز کے مطابق ان کے پاس 114 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

بدھ کی شام امبانی اور ان کی بیوی نیتا اپنے بیٹے آننت اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ انڈیا کی مغربی ریاست گجرات کے علاقے جام نگر میں قائم ریلائنس ٹاؤن شپ گئے جہاں انھوں نے آبائی لوگوں کو تین روز تک مفت کھانا کھلانے کی تقریب کا افتتاح کیا۔

امبانی کے تین بچوں میں سے ایک 28 سالہ آننت امبانی ریلائنس کی کئی کمپنیوں کے بورڈز میں بطور ڈائریکٹر تعینات ہیں۔ وہ ریلائنس کے نئے توانائی کے کاروبار اور اینکور ہیلتھ کیئر کے ڈائریکٹر ہیں۔

ان کی شادی 29 سالہ رادھیکا سے ہونے جا رہی ہے جو انھی کی طرح ایک صنعتی و کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں۔

2018 میں امبانی کی بیٹی ایشا کی شادی انڈیا کی سب سے مہنگی تقریب قرار پائی تھی جس میں اطلاعات کے مطابق 10 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ اس تقریب میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔

ایشا امبانی کی شادی کو ’منی ڈیوس سمٹ‘ کا نام بھی دیا گیا تھا کیونکہ اس میں سابق امریکی وزرا ہیلری کلنٹن اور جان کیری شریک ہوئے تھے جنھوں نے بالی وڈ کے ستاروں کے ساتھ مل کر رقص کیا تھا۔

اس بار امریکی گلوکارہ ریحانہ، جادوگر ڈیوڈ بلین اور بالی وڈ کے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ مہمانوں کو اپنی پرفارمنس سے محظوظ کریں گے۔ ریلائنس کی جاری کردہ فہرست کے مطابق اس تقریب میں مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کے ساتھ ساتھ موجودہ اور سابقہ سیاسی رہنماؤں کی لمبی لسٹ شامل ہو گی۔

ambani
Reuters
ایوانکا ٹرمپ، جیرڈ کشنر، ان کی بیٹی ایرابیلا روز اورمکیش امبانی

ڈزنی کے سربراہ رابرٹ اگنر کو بھی مدعو کیا گیا ہے جنھوں نے بدھ کو انڈیا میں اپنے میڈیا کے کاروبار کو ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ ضم کرنے کا معاہدہ کیا۔ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا میں یہ انضمام 8.5 ارب ڈالر کی انٹرٹینمنٹ کمپنی کے وجود کا باعث بنے گا جو پانچویں سب سے بڑی معیشت کے لیے تفریحی مواد تیار کرے گی۔

دریں اثنا مہمانوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، سویڈن کے سابق وزیر اعظم کارل بیلٹ، سابق کینیڈین وزیر اعظم سٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ بھی شامل ہیں۔

بالی وڈ کے ستارے امیتابھ بچن، شاہ رُخ خان، سلمان خان، معروف کرکٹرز سچن ٹینڈولکر اور ایم ایس دھونی، صنعتی شخصیات گوتم اڈانی اور کمار برلا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ریلائنس فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ جام نگر میں اس شادی کے لیے ایک خصوصی ہندو مندر تعمیر کیا جا رہا ہے جو کہ ’شادی کی تقاریب میں انڈیا کی تقافتی اور روحانی شناخت‘ سے مطابقت رکھتا ہے۔

ambani
Reuters

شادی کی مرکزی تقاریب یکم مارچ سے تین مارچ تک ہوں گی۔ سبھی تقاریب میں مختلف تھیم اور ڈریس کوڈ ہیں۔ اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ان میں سے ایک دن ’جنگل فیور‘ نامی تھیم ہے اور اس روز امبانی کے زیرِ انتظام جانوروں کے ایک ریسکیو سینٹر کا دورہ کیا جائے گا۔

اس سینٹر میں دو ہزار سے زیادہ جانور رکھے گئے ہیں۔ یہاں ہاتھیوں کا سب سے بڑا ہسپتال بھی قائم ہے۔

روئٹرز کے مطابق ’جنگل فیور‘ کے دن ڈریس کوڈ سے متعلق بتایا گیا ہے کہ مہمانوں کو جانوروں کے پرنٹ والے کپڑے یا ہوائین شرٹس پہننے کا کہا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شادی کی مرکزی تقریب جام نگر میں ہی ہوگی جہاں 1200 مہمان شریک ہوں گے۔ مہمانوں کے لیے دنیا بھر سے آئے 100 شیفس 500 کھانے تیار کریں گے۔

sachin
Reuters
سچن تندولکر بھی تقریبات کا حصہ بنے

روئٹرز نے مہمانوں کو فراہم کیے گئے دستاویزات سے متعلق بتایا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ ہیئر سٹائلنگ، میک اپ آرٹسٹ اور انڈین ملبوسات ’پہلے آئیں اور پہلے پائیں‘ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔

امبانی خاندان کی جانب سے مہمانوں کو نئی دلی اور ممبئی سے آنے اور واپسی کی چارٹر پروازوں کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔ تاہم مہمانوں سے گزارش کی گئی ہے کہ ایک جوڑا صرف دو بڑے بیگ یا تین سوٹ کیس تک محدود رہے۔ روئٹرز کے مطابق اس دستاویز میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر آپ زیادہ سامان لائے تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ اسی پرواز پر آپ کے ساتھ آئے گا۔

مہمانوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ لانڈری سروس سے متعلق اپنی توقعات محدود رکھیں۔ اس میں لکھا ہے کہ ’استری کے لیے دیے گئے کپڑے تین گھنٹوں کے اندر واپس کیے جائیں گے۔۔۔ اس سے پہلے کی توقع اور مطالبہ شاید ممکن نہ ہو۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.