’میرا بھائی پہلی مرتبہ پنجابی میں گا رہا ہے‘: ایڈ شیرن اور دلجیت کا پنجابی گانا سوشل میڈیا پر وائرل

برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے پہلی مرتبہ ممبئی میں اپنے کنسرٹ کے دوران پنجابی زبان میں گانا گایا ہے جس سے ان کے مداح سحر میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ایڈ شیرن، دلجیت دوسانجھ، ممبئی
Reuters
اس وقت وہ ایشیا اور یورپ کے سنگنگ ٹور پر نکلے ہوئے ہیں

برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے پہلی مرتبہ ممبئی میں اپنے کنسرٹ کے دوران پنجابی زبان میں گانا گایا ہے جس سے ان کے مداح سحر میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

سنیچر کی رات کو ممبئی میں ایک کنسرٹ کے دوران ایڈ شیرن نے سٹیج پر گانا گانے کے لیے انڈین پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو بھی مدعو کرلیا۔

وہاں موجود مداح اس وقت حیران رہ گئے جب دونوں گلوکاروں نے مل کر دلجیت دوسانجھ کا گانہ ’لَور‘ پنجابی زبان میں گایا۔

انسٹاگرام پر ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ ایک ایسا امتزاج ہے جس کے بارے میں ہمیں علم ہی نہیں تھا کہ ہمیں اس کی ضرورت ہے۔‘

ایک اور انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ: ’میرے خیال میں، میں نے تاریخ رقم ہوتے ہوئے دیکھ لی ہے۔‘

دیگر صارفین نے ایڈ شیرن کی پنجابی کی تعریف کی اور ایک صارف نے لکھا کہ ان کی پنجابی ’بہترین‘ ہے۔

کنسرٹ میں پرفارمنس کے بعد دونوں گلوکاروں نے گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بھی اپلوڈ کیں۔

ایڈ شیرن، دلجیت دوسانجھ، ممبئی
Getty Images
کنسرٹ میں پرفارمنس کے بعد دونوں گلوکاروں نے گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بھی اپلوڈ کیں

ایڈ شیرن نے اس پرفارمنس کے بارے میں لکھا کہ ’ممبئی میں آج دلجیت دوسانجھ کو لانا پڑا اور میں نے پہلی مرتبہ پنجابی میں گانا گایا۔ انڈیا میں میرا وقت بہترین گزر رہا ہے اور ابھی اور بھی باقی ہے۔‘

جبکہ دلجیت دوسانجھ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’میرا بھائی پہلی مرتبہ پنجابی میں گا رہا ہے۔‘

شیئر کی گئی ویڈیوز پر انڈین فلم انڈسٹری کے اداکار بھی تبصرے کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اداکار ورُن دھون نے گلوکاروں کی پرفارمنس پر لکھا کہ یہ ’بین الاقوامی برتری‘ ہے۔

چالیس سالہ دلجیت دوسانجھ انڈیا اور دنیا بھر میں ایک سُپر سٹار کا درجہ رکھتے ہیں۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ان کے ساتھ کوئی مغربی گلوکار پنجابی زبان میں گانا گاتا ہوا دِکھائی دیا ہو۔

گذشتہ برس انھوں نے آسٹریلوی گلوکارہ سیا کے ساتھ مل کر ایک گانا ’ہس، ہس‘ بھی ریلیز کیا تھا۔

پرستاروں کی جانب سے دلجیت دوسانجھ کی تعریف اس لیے بھی کی جا رہی ہے کہ انھوں نے ایک اور بڑے غیرملکی گلوکار سے انڈیا کی ایک علاقائی زبان میں گانا گوایا۔

ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ: ’پہلے سیا اور اب ایڈ۔ دلجیت سب سے پنجابی میں گوائیں گے۔‘

انسٹاگرام پر ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ شخص دیگر گلوکاروں سے گانے گوا کر حقیقتاً پنجابی موسیقی کو چمکا کر رکھ دے گا۔‘

خیال رہے ایڈ شیرن کا شمار دنیا کے سب سے بڑا گلوکاروں میں ہوتا ہے جو اپنے کیریئر میں ان گنت ہِٹ گانے گا چکے ہیں۔

ان کی آخری البم ’آٹم ویری ایشنز‘ پچھلے برس ستمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس وقت وہ ایشیا اور یورپ کے سنگنگ ٹور پر ہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.