متحدہ عرب امارات اورپاکستان کے درمیان دیرینہ، تاریخی اوربرادرانہ تعلقات ہیں ، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی یواے ای کے وزیر مملکت مالیاتی امور اور ایم آئی جی اے کے ایگزیکٹو نائب صدر سے ملاقاتوں میں گفتگو

image

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) اورپاکستان کے درمیان دیرینہ، تاریخی اوربرادرانہ تعلقات قائم ہیں ، پاکستان مشرق وسطیٰ کے بینکوں کے ساتھ دوبارہ تعلقات قائم کرنا چاہتاہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کوواشنگٹن ڈی سی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالیاتی امور محمد بن ہادی الحسینی اور ایم آئی جی اے کے ایگزیکٹو نائب صدر ہیروشی ماتانو سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یواے ای کے وزیرمالیاتی امور سے ملاقات میں وزیرخزانہ نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پرروشنی ڈالی، انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، تاریخی اوربرادرانہ تعلقات قایم ہیں اورپاکستان یواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے۔

انہوں نے پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد پر متحدہ عرب امارات کے تعاون کو سراہا۔ وزیرخزانہنے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت کو بالخصوص ٹیکس، توانائی اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالہ سے اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے بینکوں کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ایم آئی جی اے کے ایگزیکٹو نائب صدر مسٹر ہیروشی ماتانو سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ایم آئی جی اے کے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کو سراہا۔

وزیرخزانہ نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ایگزیکٹو نائب صدر کو پاکستان میں کورین سرمایہ کاری کمپنی کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور ان مسائل کوترجیحی بنیادوں پر فوری حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.