اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور مستقل نمائندے کی حیثیت سے دہائیوں تک فرائض سرانجام دینے والے احمد کمال کی برسی 25 مئی کو منائی جائے گی

image

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر اور مستقل نمائندے کی حیثیت سے دہائیوں تک فرائض سرانجام دینے والے احمد کمال کی برسی 25 مئی کو منائی جائے گی۔ احمد کمال کی پیدائش 9 اپریل 1938 کو ہوئی اور انھوں نے 1999میں اپنی ریٹائرمنٹ تک تقریباً 40 سال تک پاکستان کی وزارت خارجہ میں ایک پیشہ ور سفارت کار کے طور پر خدمات انجام دیں۔ احمد کمال پیرس انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل سٹڈیز اور ٹفٹس یونیورسٹی کے فلیچر سکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی سے فارغ التحصیل تھے۔ وہ لندن سکول آف اکنامکس میں کارنیگی فاؤنڈیشن کے فیلو بھی تھے۔

انھوں نے تخفیف اسلحہ، انتظام، کثیرالجہتی، عالمی اقتصادی مسائل اور انفارمیٹکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تکنیکی پہلوؤں پر کئی اہم مضامین تحریر کئے۔ احمد کمال امریکا کی متعدد یونیورسٹیوں میں اعزازی وزیٹنگ پروفیسر اور فیئرلی ڈکنسن یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن بھی تھے۔ انھوں نے پاکستان اور دیگر ممالک میں اپنی پوسٹنگ کے دوران متعدد اعزازات بھی حاصل کیے۔ احمد کمال نے تقریباً 40 سالہ طویل کیریئر کے دوران بھارت ، بیلجیئم، فرانس، سوویت یونین، سعودی عرب، جمہوریہ کوریا اور اقوام متحدہ کے ساتھ جنیوا اور نیویارک میں بھی سفارتی خدمات سر انجام دیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر اور مستقل نمائندے کی حیثیت سےاپنے طویل کیرئیر کے دوران وہ بہت سے اعلیٰ ترین انتخابی عہدوں پر فائز رہے۔ جن میں جنرل اسمبلی کے نائب صدر، اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر، اقوام متحدہ میں این جی اوز کے کردار پر مشاورت کے چیئرمین، انفارمیٹکس کے ورکنگ گروپ کے چیئرمین، اقوام متحدہ کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور انتظامی اور بجٹ سے متعلق اقوام متحدہ کی مشاورتی کمیٹی کے رکن کے عہدے شامل ہیں۔وہ یوراگوئے راؤنڈ مذاکرات میں پاکستان کے چیف مذاکرات کار تھے جس کی وجہ سے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا قیام عمل میں آیا۔

احمد کمال اقوام متحدہ کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ کے سینئر فیلو رہ چکے ہیں اور اقوام متحدہ میں ایمبیسیڈرز کلب کے بانی صدر اور سی ای او تھے۔ سفیر احمد کمال کا انتقال 25 مئی 2023کو نیویارک میں 85 سال کی عمر میں ہوا۔ انھوں نے سوگواران میں بیوی اسماء، بیٹا عمر، بیٹی عائشہ اور پوتا زین چھوڑا ہے۔ احمد کمال کو متعددقومی و بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا،

جن میں 1971 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ پاکستان (پاکستان میڈل)، 1987 میں جمہوریہ کوریا کی حکومت سے گوانگوا میڈل، (آرڈر آف ڈپلومیٹک سروس میرٹ)، 1987 میں جمہوریہ کوریا کی جانب سے میڈل آف آنر، کیونگھی یونیورسٹی، اور میونگجی یونیورسٹی، جمہوریہ کوریا کی جانب سے 1987 میں دی جانے والی پبلک ایڈمنسٹریشن کی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی شامل ہیں۔ احمد کمال کی برسی کے موقع پر سفارتی حلقوں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب میں ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.