سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے معطل کر دیے ہیں۔
پیر کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کی۔14 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواستیں خارج کر دی تھیں۔سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائی کورٹ کا مخصوص نشستوں کے خلاف فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے دوران سماعت کہا کہ ’ہم الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو معطل کر رہے ہیں۔‘سپریم کورٹ نے دائر درخواستوں پر سماعت تین جون تک ملتوی کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کا مطلب ہوتا ہےوہ جماعت جو انتخابی نشان پر الیکشن لڑے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی استدعا پر لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جاتا ہے۔