دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو عارضی ضمانت مل گئی، الیکشن مہم چلا سکیں گے

image

انڈیا کی اعلٰی عدالت نے ملک میں جاری عام انتخابات کی مہم چلانے کے لیے دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو عارضی ضمانت دے دی ہے، جس سے اپوزیشن اتحاد کو تقریت ملی ہے کیونکہ وہ اِس کے ایک اہم رہنما ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق عدالت کا کہنا ہے کہ عارضی ضمانت یکم جون تک موثر رہے گی جو کہ سات مراحل پر مشتمل انتخابات میں پولنگ کا آخری روز ہے۔

عدالتی فیصلے کے تحت دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال دو جون کو خود کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔

مودی کے سخت ناقد دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو عام انتخابات سے ایک ماہ پہلے شراب کے لائسنس دینے پر مبینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا کہ یہ مقدمہ من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا الزام عائد کیا ہے۔

مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی انڈیا کی مرکزی فنانشل کرائم ایجنسی نے گذشتہ ایک دہائی میں 100 سے زائد ایسے سیاست دانوں سے تفتیش کی ہے جو اپوزیشن سے تعلق رکھتے ہیں۔

اپوزیشن کے مطابق ’اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے اور منصفانہ انتخابات کے امکانات کو کم کرنے کے لیے بی جے پی کی حکومت نے تفتیشی ایجنسیوں اور ٹیکس حکام کو ہتھیار بنایا ہے۔‘

دوسری جانب حکمران بی جے پی سیاسی مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہتی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی بھی اترپردیش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ’بڑے کرپٹ لوگ سلاخوں کے پیچھے ہیں اور سپریم کورٹ بھی انہیں ضمانت نہیں دے رہی۔‘

اروند کیجریوال مقدمہ شروع ہونے سے قبل یکم اپریل سے نظربند ہیں اور ان کی جگہ ان کی اہلیہ سُنیتا انتخابی مہم میں اُتری ہیں۔

انڈیا میں 2024 کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز 19 اپریل کو ہوا تھا اور مجموعی 543 نشستوں میں سے آدھی سیٹوں پر یہ عمل 7 مئی کو مکمل ہوچکا ہے۔

الیکشن کے لیے نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری یعنی دہلی کی ریاست میں پولنگ رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ہوگی۔ ملک میں ووٹنگ کا عمل یکم جون کو مکمل ہو جائے گا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا آغاز چار جون سے ہوگا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.