اسلام آبادہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں روٹی اور نان کی نئی کم قیمتوں کے خلاف درخواست پر سماعت

image

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نےوفاقی دارالحکومت میں روٹی اور نان کی نئی کم قیمتوں کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر اور نان بائیوں کے نمائندوں کو ہفتہ دن بارہ بجے ملاقات کرکے متفقہ قیمت کا تعین کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے سیل شدہ تندور ڈی سیل کرنے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

گذشتہ روز نان،روٹی کی نئی کم قیمتوں کے خلاف نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد احمد عباسی کی درخواست پر سماعت کےدوران درخواست گزار اپنے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ سٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈوکیٹ جنرل اس معاملے پر عدالت کی معاونت کرینگے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایڈوکیٹ جنرل نہیں پہنچے تو عدالت انتظار تو نہیں کرے گی۔ سٹیٹ کونسل عدالت کو بتایاکہ پہلے گندم کا بحران ہوتا تھا اس بار گندم بہت زیادہ ہو گئی ہے،آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے کم ہو چکی ہے،قیمتیں اس لیے کم کی گئی،آٹے کی قیمت بڑھتی ہے تو یہ فوری قیمت بڑھا دیتے ہیں، لیکن کمی کے ساتھ کم نہیں کرتے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تندور والے غریب لوگوں کا مفاد بھی دیکھنا ہے، تندور والے جون جولائی میں دہکتی آگ میں جا کر روٹی لگاتے ہیں،عدالت نے ریڑھی لگانے والے غریب کا مفاد بھی دیکھنا ہے روٹی کی قیمت امیر آدمی کا مسئلہ نہیں ہے، امیر آدمی کو تو روٹی کی قیمت ہی نہیں معلوم ہوتی ۔ وکیل نان بائی ایسوی ایشن عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن معطل کر دیں،ہمارے لوگ گرفتار اور تندور سیل ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ فریقین ہفتہ دن 12 بجے تک بیٹھ کر مشاورت سے نئی قیمتوں کا تعین کریں اور نئی قیمتیں متعین کر کے تین دن میں عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نےمذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.