ملکی معاشی و سماجی ترقی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے۔چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی

image

ملتان۔ 12 مئی (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تاجر برادری کاملکی معاشی وسماجی ترقی میں کردار بہت اہم ہے،تاجر برادری کی فلاحی کاموں میں بھی خدمات قابل تعریف ہیں،تاجران ملک کی ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں جنہوں نے پاکستان کی خوشحالی و ترقی کیلئے ہر دور میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں سرکٹ ہاؤس میں مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان کے وفد،ضلع ملتان کے مختلف علاقوں کے تاجر رہنماوں اور سیاسی و سماجی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکیا۔

چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان خواجہ سلیمان صدیقی کی قیادت میں ملتان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنماوں نے چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی جبکہ مختلف سیاسی و سماجی وفود نے مقامی سیاسی و سماجی عمائدین کی سربراہی میں ان سے ملاقاتیں کیں۔تاجران کے وفد نے سید یوسف رضا گیلانی کوچیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اورانہیں تاجر برادری کودرپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔جس پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تاجر برادی کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، مشکلات میں ثابت قدم رہنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،ذاتی پسند نہ پسند کو ایک طرف رکھ کر سب کو ملکر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کا فعال کردار بہت اہمیت رکھتا ہے،تاجر برادری کے تعاون کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ممکن نہیں،موجودہ حکومت معاشی بحالی و ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،معاشی اہداف کے حصول کے لیے کاروباری افراد کو حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان عوامی خدمت کیلئے دن رات مصروف عمل ہے،

عوام الناس کی خدمت کرنا ہمارا فریضہ،نصب العین اور مقصد ہے،اگر ہم یہ فریضہ پورا نہیں کرتے ہیں تو ہم عوام اور خدا کے مجرم ہیں۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعظم ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے، موٹر وے،فلائی اوورز،انٹر چینجز،بائی پاسز اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے کروائے،بطور چیئرمین سینٹ بھی خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے وسیب کی ترقی کےلئے سب سے آگے بڑھ کر کام کیا، ہم خدمت پریقین رکھتے ہیں اور عوام الناس کی خدمت کےلئے کام کرتے رہیں گے۔

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جلا ل پور پیر والا میں شجاع آباد انٹر چینج کے پاس خصوصی اقتصادی زون بنایا جائے گا جس کیلئے 165 ایکڑ زمین مختص کر دی گئی ہے ۔چیئرمین سینٹ سے ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان خواجہ سلیمان صدیقی،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر،سٹی صدر خالد قریشی،معروف سماجی و کاروباری شخصیت پیر سید ظہور شمسی،ایڈووکیٹ مولوی منصور عالم،ایڈوکیٹ عمران کاظمی،ملک شہزاد انجم ،شکیل لابر،احمد بپی سمیت سینکڑوں سیاسی کارکنان اور شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.