پارلیمان میں داخلے کے وقت ارکان کی میڈیا سے گفتگو خلاف ضابطہ قرار، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے نئے ضوابط

image

پاکستان کے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کچھ نئے ضوابط طے کیے ہیں جس کے تحت ارکان کو پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

 قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمان میں ہونے والے حالیہ واقعات کی روشنی میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اور ارکان پارلیمنٹ کے احترام کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر 1 پر غیرضروری ہجوم ختم کیے جائیں گے۔ ممبران پارلیمنٹ کے داخلے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق ممبران پارلیمنٹ کے داخلے کے دوران رکاوٹ ڈالنے کو پارلیمان کے تقدس کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اراکین پارلیمنٹ صرف میڈیا سینٹر میں ہی بات کر سکیں گے: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیا سے بات کرنے کے خواہش مند اراکین پارلیمنٹ صرف میڈیا سینٹر میں ہی بات کر سکیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ون کے سامنے یا اندر میڈیا سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔

ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز کے گیٹ پر جمع ہونے پر پابندی عائد 

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اپنے اقدامات کی روشنی میں ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز پر گیٹ پر جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صرف قومی اسمبلی کے پریس کارڈز پر صحافیوں کا پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلہ ممکن ہو سکے گا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سینیٹ کا کارڈ رکھنے والے مہمان صرف سینیٹ سے متعلقہ حصوں تک محدود رہیں گے۔ گیٹ نمبر ایک سے لفٹس تک سکیورٹی گارڈز تعینات کیے جائیں گے جو ممبران پارلیمنٹ کی اسمبلی ہال تک رسائی ممکن بنائیں گے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور اسلام آباد پولیس قومی اسمبلی سٹاف اور سیکیورٹی کی معاونت کریں گے۔

پریس گیلری میں صحافیوں کے موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد

اس سے قبل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پریس گیلری سے اسمبلی ہال کی فوٹیج بنانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاسوں میں پریس گیلری میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق کوریج کرنے والے صحافی حضرات اپنے اپنے موبائل فونز پریس گیلری سے باہر موجود سکیورٹی عملے کے پاس جمع کروا کر پریس گیلری میں داخل ہو سکیں گے۔

سپیکر کا پریس گیلری سے موبائل فوٹیج بنانے کے نوٹس

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی قومی اسمبلی اجلاس میں پریس گیلری سے موبائل فوٹیج بنانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ سپیکر کی ہدایت پر ایوان کے اندر موبائل فون سے ویڈیو بنانے کو ہاؤس کا استحقاق مجروح کرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔

سپیکر کی زیر صدارت اجلاس میں پریس گیلری سے بنائی جانے والی ویڈیو ٹی وی چینلز پر آن ایئر کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ پیمرا کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے معاملہ پیمرا کو بھیجتے ہوئے موبائل فوٹیج چلانے والے ٹی وی چینلز کو وارننگ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ویڈیو بنانے والے میڈیا نمائندگان کے پریس گیلری کارڈ منسوخ کرنے اور سخت ایکشن لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.