عالمی سطح پر اقتصادی امکانات میں بہتری کے باعث رواں سال کے دوران پاکستانی معیشت کی شرح نمو میں 2 فیصد تک اضافے کی توقع ہے، اقوام متحدہ

image

اقوام متحدہ ۔17مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ نےکہا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی امکانات میں بہتری کے باعث رواں سال کے دوران پاکستانی معیشت کی شرح نمو2 فیصد تک اضافے کی توقع ہے۔ اقوام متحدہ کے شعبہ اقتصادی اور سماجی امور ( ڈی ای ایس اے )کی طرف سے جاری ’’عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات ‘‘ نامی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درپیش اقتصادی چیلنجز کے باوجود 2024 کے دوران پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 2 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 3 بلین ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کیا ہے۔ اس پروگرام سے معیشت کو مستحکم کرنے اور ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی، نیز اس سےپاکستان کو مالیاتی ایڈجسٹمنٹ کی سہولت بھی فراہم ہو گی۔ یو این ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک اینڈ سوشل افیئرز کے عہدیدار شانتانو مکھرجی نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے بیشتر ممالک نے 2023 کی دوسری ششماہی کے دوران کرنسی کی قدر میں کمی کے دباؤ کا سامنا کیا۔ جولائی اور اکتوبر کے درمیان کچھ ممالک کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6.5 فیصد کے قریب اضافہ ہوا، جو 11 کرنسیوں کے مقابلے میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ جولائی اور اگست 2023 کے دوران بھارت ، نیپال اور بنگلہ دیش خشک سالی سے متاثر ہوئے، جبکہ پاکستان میں اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں عالمی معیشت کی شرح نمو رواں سال 2.7 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.