وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی سفارت خانے آمد، سعودی سفیر سے گفتگو میں مختلف امور پر تبادلہ خیال

image

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا ، جہاں آمد پرپاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےسعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاک سعودیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی سفیر نے اسلام آباد پولیس کی بہتری کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جوانوں کے لئے رہائش کا انتظام کرنے پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگوہوئی۔ ملاقات میں برما کے مسلمانوں کے لیے سفری دستاویزات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی تاریخی برادرانہ دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا حالیہ دورہ پاکستان کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے کے منتظر ہیں، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے قوم دیدہ فرش راہ ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں گیم چینجر ثابت ہو گا، سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ سعودی عرب ، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.