ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا حادثہ: وزیراعظم شہباز شریف کا یوم سوگ کا اعلان

image
ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور دوسرے اعلٰی حکام کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ 

عرب نیوز کے مطابق شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹویٹ میں ایران کے عوام سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ (ایرانی عوام) ہمت کے ساتھ اس سانحے سے نکل آئیں گے۔

وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادر (ملک) ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پرچم سرنگوں رہے گا۔‘

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام سے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ اور دیگر اعلٰی عہدیداروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔

صدر ابراہیم رئیسی جس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے وہ اتوار کو آذربائیجان میں ان کی سرکاری مصروفیات کے بعد پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔

شدید خراب موسم، دھند اور انتہائی خطرناک پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کی تلاش کا عمل رات گئے جاری رہا۔ تاہم پیر کو اس ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دوسرے اعلٰی حکام کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’اس المناک واقعے کے بعد ایران کے عوام بالخصوص صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالی انہیں جنت میں شہدا کے ساتھ جگہ دے، آمین۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ’دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی تمام ہمدردی اور دعائیں اہل خانہ اور ایرانی بہن اور بھائیوں کے ساتھ ہیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.