پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کا سب پر احترام لازم ہے، حکومت کی سنجیدگی پر کوئی شک نہیں کرنا چاہیے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

image

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کا سب پر احترام لازم ہے، حکومت کی سنجیدگی پر کوئی شک نہیں کرنا چاہیے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما رئوف حسن پر حملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور جلد ہی اس کی رپورٹ منظر عام پر آ جائے گی، انہوں نے جو ایف آئی آر درج کرائی ہے اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

عام حالات میں اقدام قتل کی دفعات ایسے کارروائیوں میں نہیں لگائی جاتیں لیکن اس کیس میں اقدام قتل کی دفعات بھی شامل ہیں کیونکہ یہ نہ ہو کہ کل اپوزیشن اس کو ایشو بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جتنی معلومات اکٹھی ہوئی ہیں اس کے مطابق ٹرانس جینڈر نے ان پر حملہ کیا، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سنجیدگی پر کوئی شک نہیں کرنا چاہیے، اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے، عدلیہ کے حوالے سے تبصرے درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بات اگر دلیل سے کی جائے تو سب مسائل حل ہو جائیں گے، پارلیمان سپریم ادارہ ہے اس ادارے کا احترام سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لئے آگے سوچنا چاہیے، اعلیٰ عدلیہ ہمیشہ عدالتی سنہری اصولوں کے مطابق فیصلے کرتی ہے، توہین عدالت کے معاملے پر تحمل کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، آئین و قانون پر عمل کرنا چاہیے، ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کو آگے لے کر جانا ہے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.