رکی پونٹنگ انڈین کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے انکار کیوں کر دیا؟

image

آسٹریلیا کے عظیم سابق کپتان رکی پونٹنگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حالیہ دنوں میں انڈین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے کے حوالے سے پیشکش کی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنے انٹرویو میں رکی پونٹنگ نے بتایا کہ وہ فل ٹائم کوچ بننے پر ابھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہُل ڈراوڈ کی ذمہ داریاں اگلے مہینے سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو جائیں گی جس کے باعث انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نئے ہیڈ کوچ کی تلاش میں ہے۔

اس حوالے سے رکی پونٹنگ کہتے ہیں کہ ’میں نے اس بارے میں بہت سی خبریں پڑھی ہیں۔ عام طور پر ایسی چیزیں سوشل میڈیا پر آتی ہیں لیکن آئی پی ایل کے دوران اس بارے میں میری اور بی سی سی آئی کی ون ٹو ون بات چیت ہوئی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ملاقات اس وجہ سے ہوئی کہ کوچنگ کے بارے میں میری دلچسپی ہے یا نہیں۔‘

عظیم بیٹر نے مزید کہا کہ ’میں کسی بھی قومی ٹیم کا سینیئر کوچ بننا بہت پسند کروں گا لیکن چونکہ میری زندگی میں دیگر چیزیں بھی ہیں اور میں وقت گھر پر گزارنا چاہتا ہوں اور یہ بھی سب جانتے ہیں کہ اگر آپ انڈین ٹیم کے کوچ ہوں گے تو پھر آپ کسی آئی پی ایل ٹیم کی کوچنگ نہیں کر سکتے۔‘

رکی پونٹنگ نے مزید کہا کہ ’قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سال میں 10 سے 11 ماہ تک رہتی ہیں لہذا یہ میرے لائف سٹائل کے لیے مناسب نہیں ہے۔‘ 

بی سی سی آئی کی جانب سے بیٹر جسٹن لینگر اور سٹیفن فلیمنگ سے بھی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا ہے (فوٹو: بی سی سی آئی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’میری فیملی اور میرے بچوں نے آئی پی ایل کے دوران میرے ساتھ پانچ ہفتے وقت گزارا ہے اور وہ ہر سال میرے ساتھ (انڈیا) آتے ہیں۔ میں نے اپنے بیٹے کو انڈین ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے کی جانے والی پیشکش کے بارے میں بتایا۔‘

رکی پونٹنگ نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ ’میرے بیٹے نے کہا کہ ابو یہ پیشکش قبول کر لیں، ہم اگلے کچھ برسوں کے لیے یہاں (انڈیا) شفٹ ہونا چاہتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ رکی پونٹنگ کے علاوہ بی سی سی آئی کی جانب سے سابق آسٹریلوی بیٹر جسٹن لینگر اور سابق کیوی کپتان سٹیفن فلیمنگ سے بھی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رکی پونٹنگ آئی پی ایل کی فرنچائز دہلی کیپیٹلز کے ہیڈ کوچ ہیں۔

اس سے قبل وہ آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز اور آسٹریلیا کی قومی ٹی20 ٹیم کی مختصر مدت کے لیے کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.