شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے سفیر مقرر

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے سفیر مقرر کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق شاہد آفریدی کو دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے سفیروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اس بارے میں شاہد آفریدی کہتے ہیں ’آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ ایسا ایونٹ ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننے سے لے کر 2009 میں ٹرافی اٹھانے تک، اس سٹیج پر میرے کیریئر میں کئی ہائی لائٹس ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’حالیہ کچھ برسوں میں ٹی20 ورلڈ کپ بہت سنسنی خیز ہوئے ہیں۔ مجھے اس ایڈیشن کا حصہ بننے پر خوشی ہے جہاں ہم زیادہ ٹیمیں، زیادہ میچز اور پہلے سے زیادہ سنسنی دیکھیں گے۔‘

آفریدی نے مزید کہا کہ ’میں خاص طورپر 9 جون کو شیڈول پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے پرجوش ہوں۔ یہ کھیلوں کے بڑے مقابلوں میں سے ایک مقابلہ ہے اور نیو یارک دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے لیے بہترین سٹیج ہوگا۔‘

شاہد آفریدی 2009 میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔

سنہ 2009 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف فائنل میچ میں لندن کے تاریخی لارڈز سٹیڈیم میں 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے چھ ٹی20 ورلڈ کپ کھیلے جس میں انہوں نے 2010 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے شاہد آفریدی کے علاوہ سابق انڈین آل راؤنڈر یوراج سنگھ، سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل اور سابق جمیکن ایتھلیٹ یوسن بولٹ کو سفیر مقرر کیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.