پاکستانی اداکار آغا علی نے کہا ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ حنا الطاف سے علیحدگی کے بعد اب خوش ہیں اور ٹھیک ہو رہے ہیں۔
آغا علی نے اپنی طلاق کے بارے میں ساتھی اداکار احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کی۔
اپنی سابق اہلیہ حنا الطاف سے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے آغا علی نے کہا کہ ’میں ٹھیک ہوں بلکہ میں الحمدللہ اب کافی اچھی طرح جی رہا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اب یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں اب خوش ہوں اور ٹھیک ہو رہا ہوں۔ میرے خیال میں آپ زندگی میں جتنے بھی رشتے بناتے ہیں، ان کے ساتھ آپ کو اچھا سلوک کرنا چاہیے اور رشتے نبھانے کے لیے تمام تر کوششیں کرنی چاہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر آپ دونوں (میاں بیوی) اس میں ناکام رہتے ہیں تو پھر بہتر ہے کہ آپ علیحدگی اختیار کر لیں۔ میرے اور حنا کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے رہیں گے۔‘
اداکار نے اس بارے میں مزید کہا کہ ’حالانکہ میں نے دیکھا ہے کہ ناکام رشتے اختتام کے بعد اخلاقی طور پر بھی گر جاتے ہیں۔ یہ چیز کبھی کبھار مشکل ہو جاتی ہے، یہ ایسی چیز تھی جو میں کبھی نہیں سوچ سکتا تھا لیکن اگر آپ کوشش کریں اور پھر بھی رشتہ نہ نبھا سکیں تو بہتر ہے کہ سکون سے راستے جدا کر لیں۔‘
خیال رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف نے شادی کے تین سال بعد راہیں جدا کر لی تھیں اور پچھلے کئی ماہ سے ان کی طلاق کے بارے میں خبریں گردش کر رہی تھیں جن کی اب تصدیق ہو چکی ہے۔
آغا علی ’تمہارے ہیں، رخسار، ہلکی سی خلش اور میرے بیوفا‘ جیسے ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔