معروف سینئر اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے بدلتے ہوئے رجحانات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ڈراموں میں خلوص، سچائی اور جذبات کی جگہ اب زیادہ تر توجہ ظاہری خوبصورتی اور دکھاوے دی جا رہی ہے، جو فن کی اصل روح سے دوری کی علامت ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ ماضی کے فنکار اپنے کرداروں سے جذباتی طور پر جُڑے ہوتے تھے ۔اور ان کی اداکاری میں فطری انداز اور سچائی جھلکتی تھی۔
جبکہ آج کل کی اداکاری میں اصل جذبات کی بجائے میک اپ اور سرجری سے بنائے گئے خدوخال نمایاں ہو رہے ہیں۔
توقیر ناصر نے خاص طور پر اداکاراؤں میں بڑھتے ہوئے پلاسٹک سرجری کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی حسن نے ان کے چہروں کو مصنوعی جیسا بنا دیا ہے۔
جبکہ ماضی کی اداکارائیں سادگی پسند تھیں اور قدرتی طور پر خوبصورت ہوتی تھیں۔
انہوں نے ہدایتکاروں کے کام کرنے کے انداز پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ پہلے ڈائریکٹر سیٹ پر موجود رہتے تھے اور فنکاروں کو کردار میں ڈھلنے میں عملی طور پر رہنمائی فراہم کرتے تھے۔ جبکہ اب زیادہ تر صرف مانیٹر پر نظر رکھتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔