بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق سکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلات منتقل کردیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
شاہد رند نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ افراد کے لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک بار پھر بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان بن گیا ہے تاہم حکومتی اور عسکری ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور حالات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔