عین شادی کے دن لاپتا ہونے والا یہ نوجوان کون ہے؟

image

شہر قائد میں ایک چونکا دینے والا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب شادی کے دن دلہا ہی غائب ہوگیا۔ کورنگی مدینہ کالونی کا رہائشی جہانزیب اپنی بارات کے دن پراسرار طور پر لاپتہ ہوا اور دو روز بعد اس کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج کیا گیا۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن نفیس الرحمان کے مطابق مقدمہ دلہا جہانزیب کے والد وسیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ والد نے بیان دیا کہ 11 ستمبر کی شام ان کے بیٹے نے بارات کی تیاری کے لیے کورنگی نمبر چار کے ایک سیلون جانے کا ارادہ کیا اور موٹر سائیکل پر گھر سے نکل گیا، مگر وہ وہاں کبھی نہ پہنچ سکا۔

اسی دوران شام تقریباً ساڑھے سات بجے سیلون کے مالک تنویر کی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ جہانزیب اب تک سیلون نہیں آیا۔ گھر والوں نے جب اس کی تلاش شروع کی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ جہانزیب کا موبائل فون بھی گھر پر ہی موجود ہے۔

اہل خانہ کو یقین ہے کہ ان کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گمشدہ دلہا ایک نجی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف گھر والوں کے لیے صدمے کا باعث ہے بلکہ علاقے میں بھی بے چینی پھیلا رہا ہے، کیونکہ دلہا کے لاپتہ ہونے کی گتھی اب تک سلجھ نہیں سکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US