نئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے عہدے کا حلف اٹھالیا

image

اسلام آباد : نئے تعینات آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقبول احمد گوندل کو آڈیٹر جنرل کے منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مقبول احمد گوندل نے کہا کہ وہ آئین و قانون کے مطابق قومی وسائل کے شفاف استعمال اور احتسابی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل کا ادارہ ریاستی مالیاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانے اور گڈ گورننس کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

واضح رہے کہ مقبول احمد گوندل کی بطور آڈیٹر جنرل تعیناتی صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ ان کی تعیناتی آئین کے تحت چھ سال کے لیے کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US