خیبر پختونخوا: بارشوں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری

image

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 15 ستمبر سے صوبے کے اکثراضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے چترال اپر اور لوئر، دیر، سوات اور اپر کوہستان کے گلیشیائی علاقوں میں گلاف کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت اور گاڑیوں کو تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے گریز کریں۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، وارننگ سسٹم اور انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور سیاحوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی متحرک رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید برآں پی ڈی ایم اے نے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں لوگوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US