راولپنڈی کے علاقے میں قائم گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن میں سکیورٹی کی ناقص صورتحال کے باعث قیمتی سامان چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کالج کی نگرانی کی فوٹیج میں ایک نشئی کو کالج کے احاطے میں داخل ہو کر جالیاں چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپل کے درمیان مبینہ طور پر جاری اختلافات کے باعث کالج کے انتظامی معاملات شدید متاثر ہیں۔ اس کشمکش کی وجہ سے نہ صرف کالج کی سکیورٹی غفلت کا شکار ہوئی بلکہ طالبات میں شدید تشویش اور عدم تحفظ کی فضا قائم ہے۔
کالج کی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہوچکی ہے اور تعلیمی ادارے کے اندر سے قیمتی سامان چوری ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ طالبات اور والدین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ راولپنڈی شہر کی ہزاروں طالبات اس کالج میں تعلیم حاصل کررہی ہیں، جن کی حفاظت اور تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے۔
طالبات نے متعلقہ حکام اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کالج کی سکیورٹی کے لیے اقدامات کیے جائیں، دیوار اور حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں اور کالج کے اندر امن و امان کی صورتحال بحال کی جائے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔