مرد ٹیسٹ نہیں کرواتے اور عورت بانجھ ہو تو۔۔ پروین اکبر بچوں کی پیدائش میں مشکلات کے مسئلے پر بول پڑیں

image

"ہمارے معاشرے میں مرد اپنے ٹیسٹ تک نہیں کرواتے لیکن اگر عورت بانجھ نکل آئے تو پورے محلے میں ڈھنڈورا پیٹ دیا جاتا ہے۔ مرد غلط عادتوں میں مبتلا رہتے ہیں مگر پھر بھی اپنی ذمہ داری تسلیم نہیں کرتے، اور جب قصور عورت پر ڈال دیا جائے تو اس کی زندگی عذاب بن جاتی ہے۔"

سینئر اداکارہ پروین اکبر نے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی معاشرتی رویوں پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانجھ پن جیسے حساس مسئلے پر آج بھی کھلے دل سے بات نہیں کی جاتی۔ خواتین کو طعنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ مرد اپنی جانچ کو ہی برا سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی رسومات جیسے شادی یا گود بھرائی کی تقریبات میں بے اولاد خواتین کو آگے نہیں کیا جاتا اور ان کی شرکت کو معیوب سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ حالات کچھ بہتر ضرور ہوئے ہیں اور اب نئے شادی شدہ جوڑوں پر فوری دباؤ کم ہوا ہے، لیکن طعنے اور اشارے اب بھی جاری ہیں۔

پروین اکبر کے مطابق نئی نسل کی لڑکیاں شادی کے فوراً بعد بچوں کی ذمہ داری نہیں لینا چاہتیں کیونکہ ان کا طرزِ زندگی بدل چکا ہے۔ باہر کا کھانا کھانے اور غیر صحت مند عادات نے بھی ان کی تولیدی صحت پر منفی اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خاص طور پر مرغی کے گوشت سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ ڈاکٹرز بھی اس پر زور دیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بانجھ پن مرد یا عورت کسی کو بھی متاثر کرسکتا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اگر عورت بانجھ نکلے تو سب پر ظاہر کردیا جاتا ہے۔ اگر مرد بانجھ ہو تو اکثر خواتین ساری عمر خاموشی سے گزار دیتی ہیں، مگر جب قصور عورت کا ہو تو معاشرہ اسے برداشت نہیں کرتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US