خضدار : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ چھپے دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے ایک بار پھر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US