راولپنڈی میں ڈینگی کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 394 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 20 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 80 ہزار 41 افراد کی اسکریننگ کی گئی جبکہ ڈینگی سرویلنس ٹیموں نے 49 لاکھ 82 ہزار 897 گھروں کی چیکنگ کی۔ اس دوران 1 لاکھ 48 ہزار 198 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جن میں سے صرف گھروں سے1 لاکھ 30 ہزار 336 مقامات پر لاروا پایا گیا۔
انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات بھی کیے گئے اور اب تک 3894 ایف آئی آر درج، 1722 مقامات سیل، 3304 چالان اور مجموعی طور پر 97 لاکھ 84 ہزار روپے جرمانے بھی عائد کیے جاچکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں رحمت آباد، کوٹھا کلاں، لَکھن، فوجی کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، شکریال نارتھ شامل ہیں۔
دوسری جانب انسداد ڈینگی مہم کے دوران غفلت برتنے پر محکمہ صحت نے 12 ورکرز اور سپروائزرز کو برطرف کردیا ہے۔