3 لاکھ حجاج کا ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک ، چیئرمین پی ٹی اے کا انکشاف

image

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حج کیلئے اپلائی کرنے والے تقریباً 3 لاکھ افراد کا ڈیٹا ڈارک ویب پر آگیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ ڈارک ویب پر موجود ڈیٹا میں موبائل سمز کی تفصیلات، شناختی کارڈ کی کاپی اور ٹریول ہسٹری شامل ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ میرا اپنا سم ڈیٹا بھی 2022 سے ڈارک ویب پر موجود ہے۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ ڈیٹا 2022 میں لیک ہوا تھا اور اس پر پی ٹی اے نے انکوائری کی تھی تاہم اب وزارت داخلہ نے بھی باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

اس موقع پر حکومتی سینیٹر افنان اللہ خان نے انکشاف کیا کہ پاکستان پر بیرونی دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ ڈیٹا پروٹیکشن سے متعلق قانون سازی نہ کی جائے۔

قائمہ کمیٹی نے ملک بھر میں موبائل فون سروس کے ناقص معیار، کال ڈراپ اور انٹرنیٹ کے مسائل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے مسائل کا مستقل حل اسپیکٹرم آکشن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US