سکھر کی تحصیل صالح پٹ کے گاؤں میرمہراب ٹالپر میں بااثر افراد نے اونٹنی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی ٹانگ کاٹ دی۔
تفصیلات کے مطابق کھیت میں گھسنے اور پانی پینے پر بااثر افراد نے اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا، ڈنڈے برسائے اور آخرکار اس کی ٹانگ کاٹ ڈالی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پہنچ کر کندہرا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم قربان بروہی نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھناؤنا عمل کیا۔ دیگر دو ملزمان عمر بروہی اور رسول بخش شیخ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
زخمی اونٹنی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بے زبان جانور کے ساتھ اس قسم کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی سانگھڑ میں ایک بااثر شخص نے کھیت میں گھسنے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔