ایشیا کپ ٹی20 کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کل اتوار کو شیڈول ہے جس سے قبل انڈیا کے کپتان نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے کے سوال کو مسکراتے ہوئے ٹال دیا ہے۔سنیچر کو ابوظبی میں پریس کانفرنس کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ وہ کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور تین میچز جیت کر مزا آیا۔دوسری جانب ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستانی ٹیم نے میچ سے قبل ایک بار پھر شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے بیان کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کسی ایک کھلاڑی یا کوچنگ سٹاف میں شامل رکن نے متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت شام چھ بجے پریس کانفرنس کرنا تھی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو شام 6 بجے سے دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں تین گھنٹے تک ٹریننگ بھی کرنی تھی۔ ای ایس پی این کرک انفو نے کہا ہے کہ ٹریننگ شیڈول کے مطابق ہونے کی تیاریاں ہیں۔تاہم پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرنے کا اپنی روایت کو توڑا ہے۔پاکستانی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے قبل بھی پریس کانفرنس نہیں کی تھی۔ اُس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کا میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ کے ساتھ تنازع جاری تھا۔آئی سی سی کی جانب سے اینڈی پائکرافٹ اور پاکستان کے کوچ، کپتان، میڈیا اور ٹیم مینیجرز کے درمیان ایک ملاقات کے بعد اس تنازعے کو بڑی حد تک ختم کر دیا گیا۔
اینڈی پائکرافٹ اتوار کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے دوران ریفری ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پائکرافٹ نے پہلے میچ میں انڈیا کے خلاف ٹاس کے موقع پر ہونے والے واقعات پر پچھتاوے کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ میچ ریفری نے پاکستان کی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے دوران انڈین کپتان سوریا کمار یادیو کے ساتھ مصافحہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس واقعے کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کو برقرار رکھنے میں پائکرافٹ کی ناکامی سے تعبیر کیا تھا اور ان کو ٹورنامنٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری کی پاکستانی ٹیم سے ملاقات کی بغیر آڈیو کے ایک مختصر ویڈیو جاری کی اور بیان میں کہا کہ پائکرافٹ نے معذرت کر لی ہے۔