وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکا کے ساتھ کامیاب ٹیرف معاہدے کو پاکستان کی معاشی سفارتکاری میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
وزیرِ خزانہ اس وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے سلسلے میں واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔ انہوں نے امریکی محکمہ خزانہ کے حکام مسٹر رابرٹ کیپ روتھ اور مشیر جوناتھن گرین اسٹیئن سے ملاقات کے دوران پاکستان کے معاشی استحکام، اصلاحاتی اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن سے متعلق قانون سازی مکمل کر لی ہے اور امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
بعد ازاں وزیرِ خزانہ نے یو ایس۔پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ملک کی معاشی بہتری، کاروبار دوست اقدامات اور نجی شعبے کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیرِ خزانہ نے امریکا کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ بینک کے دیرینہ تعلقات کو سراہا۔ وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی توثیق کے ساتھ پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور ملک تیزی سے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کا مرکز بن رہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیرِ خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی اور پاکستان کے لیے جاری مالی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے ایم-6 موٹر وے، پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت کے منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر اتفاق کیا۔
پاکستان کے سفیر برائے امریکا رضوان سعید شیخ نے وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کے اعزاز میں پاکستان کے سفارت خانے میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔یہ عشائیہ وزیرِ خزانہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیا گیا جو ان دنوں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا کے دورے پر ہیں۔
تقریب میں ممتاز پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنائے گی تاکہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں۔