لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی دونوں وکٹیں پاکستانی سپنر نعمان علی نے لی ہیں۔

لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی ٹیمصرف167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اس ٹیسٹ میں جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی دونوں وکٹیں پاکستانی سپنر نعمان علی نے لی ہیں۔
جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے اب مزید 226 رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
تیسرے روز جب پاکستان نے 109 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شان مسعود صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے سکور پر اس وقت گری جب عبداللہ شفیق 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد بابر اعظم بھی صرف 42 رنز ہی بنا سکے۔
اس کے بعد سعود شکیل 38 رنز، محمد رضوان 14 رنز، سلمان آغا صرف چار رن، شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے، نعمان علی 11 اور ساجد خان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پہلی اننگز میں چھ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی متھوسوامی نے دوسری اننگز میں بھی پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا جبکہ سمون ہارمر نے چار وکٹیں اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز کا احوال
پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے اور ٹیم کی طرف سے سلمان آغا اور امام الحق دونوں نے 93 رنز کی باریاں کھیلیں جبکہ جنوبی افریقہ کے سپنر سینوران متھوسامی نے پہلی اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ریکلٹن اور زورزی نے پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
پاکستانی سپنر نعمان علی کی نپی تُلی بولنگ نے مہمان ٹیم کے بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا تھا اور پہلی اننگز میں انھوں نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کرنے میں ان کا کلیدی کردار رہا تھا۔
ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ سلمان آغا نے بھی ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
’آخری 45 منٹ میں انتہائی بری بیٹنگ کی گئی اور اب ہمیں ایک بری صورتحال کا سامنا ہے‘
تیسرے دن کے کھیل کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر صارفین دوبارہ نعمان علی کی تعریف کرتے نظر آئے تو وہیں بہت سے صارفین دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔
حمزہ شیخ نے پاکستان کی بیٹنگ کو ناقص قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان نے صرف 17 رنز پر اپنی چھ وکٹیں گنوا دیں۔‘
احمر نجیب ستی نے لکھا کہ دوسری اننگز کے ’آخری 45 منٹ میں انتہائی بری بیٹنگ کی گئی اور اب ہمیں ایک بری صورتحال کا سامنا ہے۔‘
ہارون نامی صارف نے لکھا کہ ’کیا صرف مجھے ہی پاکستان کی بیٹنگ پر حیرت ہو رہی ہے؟ تقریباً ہر بیٹسمین نے غلط شاٹس کھیلیں اور وکٹیں گنوا دیں۔ پلان تو یہ ہونا چاہیے تھا کہ چوتھے دن تک کھیلا جاتا اور 400 رنز کی لیڈ دی جاتی۔ ہم اب بھی جیت سکتے ہیں لیکن یہ پاگل پن تھا۔ کوئی منطق یا دماغ کا استعمال نہیں کیا گیا۔‘