افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن معطل، گیٹ پاس منسوخ

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی پورٹس سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ہیڈ کوارٹر کسٹمز ہاؤس کراچی میں ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ اور پشاور کے ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد کسٹمز جنرل آرڈر جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کی جارہی ہے کیونکہ کوئٹہ اور پشاور کے کسٹم اسٹیشنز پر مزید کنٹینرز کھڑے کرنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔

احکامات کے مطابق تمام ٹرمینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے وہ کنٹینرز جو گاڑیوں پر لوڈ ہو چکے ہیں انہیں آف لوڈ کر دیا جائے جب کہ افغان ٹرانزٹ کے تمام گیٹ پاس منسوخ کر دیے گئے ہیں یہ حکم نئی صورتحال پیدا ہونے تک نافذ العمل رہے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے تمام ٹرمینلز نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی کلیئرنس روک دی ہے۔ کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس اے پی ٹی پر ٹی پی کنٹینرز کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں درجنوں گاڑیاں لوڈ حالت میں کھڑی ہیں جبکہ سینکڑوں کنٹینرز کوئٹہ اور پشاور کے راستوں میں رکے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US