راولپنڈی: مہمند میں پاک فوج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 45 سے 50 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پاکستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 45 سے 50 خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں خوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران کئی خوارج زخمی بھی ہوئے، جب کہ پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ فوٹیج میں آپریشن شروع ہونے سے پہلے خارجیوں کی موومنٹ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں سر انجام دینے آئے تھے۔